بجلی وگیس کے قیمتوں میںاضافے کے بعد پٹرولیم مصنوعات کے قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی کا طوفان آئے گا، عتیق الرحمن

پی ٹی آئی حکومت نے ایک ماہ کے عرصے میں عوام پر مسلسل مہنگائی کے بم گرائے ہیں ۔ اضافہ مسترد کرتے ہیں ، جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی

اتوار 23 ستمبر 2018 20:50

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 ستمبر2018ء) جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی پشاور عتیق الرحمن نے کہاہے کہ پی ٹی آئی کے حکومت کو قائم ہوئے ایک ماہ کا عرصہ ہوگیا ہے اور بجلی وگیس کے قیمتوں میں اضافے کے بعد پٹرولیم مصنوعات کے قیمتوں میں دس روپے لیٹر اضافہ کیا جارہا ہے ۔ عوام پر مسلسل مہنگائی کے بم گرائے جارہے ہیں ۔ جماعت اسلامی بجلی ،گیس اور پٹرولیم مصنوعات کے قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتی ہے ۔

انہوںنے کہاکہ موجودہ حکومت کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا کوئی حق نہیں موجودہ حکومت بھی سابقہ حکومتوں کے نقش قدم پر چل پڑی ہے اور ایک ماہ میں بجلی ، گیس اورتیل کی قیمتوں میں اضافہ کر کے عوام کی چیخیں نکال دی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ واپس لے اور عوام کی پریشانیوں اور مشکلات میں مزید اضافہ نہ کرے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ حکمرانوں نے صرف ایک ماہ میں ہی پٹرولیم مصنوعات،گیس اور بجلی کے نرخوں کوبڑھاکر ثابت کردیا ہے کہ اسے بھی عوامی مسائل اور ان کے حل سے کوئی غرض نہیں۔ حکومت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافے کو فی الفورواپس لے۔ انہوںنے کہا کہ حکومت ڈیزل پر44اورپٹرول پر32روپے ٹیکس وصول کررہی ہے جس سے سالانہ850ارب روپے سے زائد عوام کی جیبوں سے لوٹے جارہے ہیں۔مہنگائی کی چکی میں پسے عوام پہلے ہی بدحال ہیں انہیں کسی قسم کاکوئی ریلیف میسر نہیں۔رہی سہی کسر حکومت کی غریب کش ظالمانہ پالیسیوں نے پوری کردی ہے۔عالمی مارکیٹ میں پٹرولیم مصنوعات کے نرخ کم ہورہے ہیں جبکہ پاکستان میں ان کی قیمتوں میں اضافہ کرکے عوام کی زندگی اجیرن بنادی گئی ہے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں