جمعیت علماء اسلام کے پاس دھرنا دینے کا کوئی اخلاقی جواز نہیں، ڈاکٹر امجد علی

جمعیت علماء اسلام اور اپوزیشن جماعتیں دھرنے کے حوالے سے تذبذب کی شکار ہیں،،وزیر معدنیات و معدنی ترقی

منگل 15 اکتوبر 2019 18:46

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2019ء) خیبر پختونخوا کے وزیر معدنیات و معدنی ترقی ڈاکٹر امجد علی نے کہا ہے کہ جمعیت علماء اسلام کے پاس دھرنا دینے کا کوئی اخلاقی جواز نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان اپنے سیاسی مقاصد کے لئے مدارس کے طلباء کو استعمال کررہے ہیں۔ منگل کے روز جمعیت علماء اسلام کے دھرنے کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر امجد علی کا کہنا تھا کہ عمران خان کی قیادت میں ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوا ہے لیکن بعض عناصر ترقی کا یہ سفر روکنا چاہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اتوار کے روز ہونے والی جمعیت علماء اسلام کی پریڈ سے لگ رہا تھا کہ وہ کسی دشمن ملک سے جنگ کی تیاری کررہے ہیں۔صوبائی وزیر نے کہاکہ مولانا فضل الرحمان مسئلہ کشمیر پر چپ ساد لئے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہیں بھارت کی جانب سے مظلوم کشمیریوں پر ظلم کے خلاف آواز اٹھانی چاہئیے۔ وزیر معدنیات کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کے دھرنے میں شرکت سے اپوزیشن جماعتیں بھی تذبذب کے شکار ہیں اورکوئی بھی جماعت کھل کر ان کے ساتھ کھڑی نہیں ہے۔

ڈاکٹر امجد کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کو شہ دینے والی اپوزیشن جماعتیں جمعیت علماء اسلام کے ساتھ نہیں ہیں اور جمعیت علماء اسلام کا دھرنا بری طرح ناکامی سے دو چار ہوگا۔انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم پاکستان نے اقوام متحدہ میں مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام اور امت مسلمہ کا مقدمہ بہترین انداز میں لڑا ہے اور مولانا فضل الرحما ن کو اب اپنی سیاست میں مذہب کا کارڈ چھن جانے کا ڈر پیدا ہوگیا ہے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں