صوبے کی تاریخ میں آئس کے خلاف سب سے بڑی کارروائی،بین الاقوامی آئس سمگلرز بے نقاب

افغانستان سے تعلق رکھنے والا سرغنہ سمیت پانچ خطرناک سمگلرز گرفتار ،80 کلو گرام آئس برآمد

بدھ 27 اکتوبر 2021 23:59

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 اکتوبر2021ء) پشاور پولیس نے صوبے کی تاریخ میں آئس کے خلاف سب سے بڑی کارروائی کی ہے، کارروائی کے دوران پانچ بین الاقوامی آئس سمگلرز کو گرفتار کر لیا گیاہے،ملزمان میں سے دو کا تعلق ہمسایہ ملک افغانستان جبکہ تین کا تعلق کوئٹہ بلوچستان سے ہے، ملزمان چمن کوئٹہ کے راستے افغانستان سے آئس سمگل کرتے تھے جن کو بعد ازاں پارسلز کے ذریعے اندرون ملک سمیت باہر ممالک کو بھی سمگل کیا جاتاتھا، ملزمان نے مذموم مقاصد کی تکمیل کی خاطر حیات آباد میں کرائے پر گھر حاصل کیا تھا جہاں آئس کی پیکنگ کی جاتی تھی، ملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران آئس کے دھندے میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے جبکہ ملزمان کی نشاندہی پرمتعدد آئس ڈیلرز کو بھی شامل تفتیش کر لیا گیا ہے، کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضہ سے مجموعی طور پر 80 کلو گرام آئس، دو عدد موٹر کار، ڈیجیٹل سکیلز اور دیگر اشیاء برآمدکرلی گئیں ہیں، برآمدشدہ منشیات کی مالیت دس کروڑروپے سے زائد ہے، ملزمان سے دوران تفتیش مزید اہم انکشافات کی توقع کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق پشاور پولیس نارکوٹیکس ایراڈیکیشن ٹیم اور ایس ایچ او تھانہ حیات آباد نور حیدرنے گزشتہ روز تھانہ حیات آباد کی حدو دمیں کامیاب کارروائی کی ہے جس کے دوران بین الاقوامی آئس سمگلر گروہ کوبے نقاب کرتے ہوئے پانچ خطرناک ملزمان کوگرفتار کر لیا گیاہے، گرفتار ملزمان میں اسحاق ولد جان محمد، نعمت اللہ ولدشاہ حسین ساکنان افغانستان، افضل احمد عرف حاجی ملا، محمد عاکف ولد محمد جمال اور محمد شان ولد محمدجمیل ساکنان بلوچستان کوئٹہ شامل ہیں جو ہمسایہ ملک افغانستان سے آئس سمگل کرنے کے بعد حیات آباد کے ایک رہائشی گھر میں پارسلز میں پیک کرتے تھے جن کو بعد ازاں اندرون ملک سمیت بیرون ملک سمگل کیا جاتا تھا، ملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران آئس سمگلنگ میں ملوث ہونے کا اعتراف کرتے ہوئے مختلف آئس ڈیلرز کی بھی نشاندہی کی گئی ہے جن کوبھی شامل تفتیش کرلیا گیا ہے،ملزمان کے قبضہ سے 80 کلو گرام آئس، ڈیجیٹل سکیلز اور دیگر اشیاء سمیت آئس سپلائی میں استعمال ہونے والی دو عدد گاڑیاں بھی برآمد کرلی گئیں ہیں جن کے خلاف مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے، برآمد آئس کی مالیت دس کروڑ روپے سے زائد ہے

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں