دشمن امن کو سبوتاژ کرنے کی سازش کر رہا ہے، اتحاد کی قوت سے اس سازش کو ناکام بنائیں گے، وزیر داخلہ محسن نقوی

ہفتہ 30 مارچ 2024 00:20

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مارچ2024ء) وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے جمعرات کے روز پشاور میں فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی) ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا۔ کمانڈنٹ ایف سی معظم جاہ انصاری نے وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کا خیر مقدم کیا۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا ایف سی کے افسران سے تعارف کرایا گیا۔وفاقی وزیرنے ایف سی ہیڈ کوارٹر میں یادگار شہداء پر حاضری دی اوریادگار شہداء پرپھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے شہدائے وطن کے ایصال ثواب کیلئے دعا کی۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ایف سی کے شہداء کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایف سی کے بہادر جوانوں نے قیام امن کےلئے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ بعد ازاں وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت ایف سی ہیڈ کوارٹر میں اجلاس منعقد ہوا اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ایف سی کو مزید موثر فورس بنایا جائے گا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دشمن امن کو سبوتاژ کرنے کی سازش کر رہا ہے۔اتحاد کی قوت سے اس سازش کو ناکام بنائیں گےدہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کو وطن عزیز میں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔ محسن نقوی نے کہا کہ قائد اعظم کے پاکستان میں دہشتگردی کی کوئی گنجائش نہیں ۔قوم کو یقین دلاتے ہیں کہ امن کے لئے آخری حد تک جائیں گے۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایف سی ہیڈ کوارٹر کے لان میں شجرکاری مہم کے تحت پودا لگایا ۔قبل ازیں کمانڈنٹ ایف سی نے وزیر داخلہ کو ادارے کی کارکردگی اور دیگر امور کے بارے میں آگاہ کیا۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں