فنی تعلیمی ادارےاپنےآلات ومشینی اثاثوں کوادارے کی خودکفالت کے لئے استعمال میں لائے،معاون خصوصی برائے فنی تعلیم خیبر پختونخوا

بدھ 17 اپریل 2024 15:53

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2024ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے صنعت و حرفت اور فنی تعلیم عبدالکریم تورڈھیر نے کہا ہےکہ فنی تعلیمی ادارےاپنےآلات ومشینی اثاثوں کوادارےکی خودکفالت کے لئے استعمال میں لائے۔گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی پشاور کےدورے کے موقع پر کالج حکام سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کالج کے لیبز میں نصب جدید تربیتی آلات کو ادارے کی مالی استحکام کیلئے پیداواری نقظہ نظر سے بروئے کار لایاجائے۔

انہوں نے کہا کہ ادارہ اپنے مالی وسائل کو بڑھانے اور اخراجات میں خود انحصاری کیلئے ممکنہ ذرایع تلاش کریں۔انہوں نے کہا کہ ادارہ اپنے تربیتی سرگرمیوں کیساتھ کمرشل بنیادوں پر اپنے وسائل کو بروئے کار لانے کیلئے بھی سوچیں اور اس ضمن میں انہیں معقول تجاویز پیش کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مذکورہ کالج انتظامیہ اور سٹاف کو اپنے فرائض منصبی ذمہ داری کےساتھ سر انجام دینے کی ہدایت کی ۔

اس موقع پر کالج پرنسپل انجینئر سید قاسم شاہ اور دیگر عملہ بھی موجود تھا۔معاون خصوصی نے کالج کے مختلف تدریسی شعبوں کے تربیتی لیبارٹریز کا بھی معائنہ کیا اور انہیں کالج لیبارٹریز میں نصب جدید آلات اور مشینوں کی خصوصیات،کام اور مختلف ٹیکنالوجیز کیلئے ان آلات کی تربیتی سرگرمیوں کے حوالے سے بریف کیا گیا۔معاون خصوصی نے دورے کے دوران عملے کی حاضری کا جائزہ لینے کیلئے رجسٹر بھی چیک کیا اور کالج کے تدریسی و دیگر عملے کے حوالے سے معلومات حاصل کیں۔

انہوں نے اس موقع پر ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ فنی تعلیمی اداروں میں موجود ایڈوانس تربیتی آلات اور مشینوں کو پریکٹیکل ٹریننگ کیلئے مکمل طور پر بروئے کار لایا جائے اور طلبہ کا انحصار محض تھیوری اور ڈگری پر نہیں ہونا چاہئے بلکہ ان اداروں سے فارغ طلبہ باقاعدہ طور پر سکلڈ اور با مہارت ہونے چاہئے۔انہوں نے کہا کہ کالج اپنے آلات اور مشینی اثاثوں کو ادارے کی خودکفالت کیلئے استعمال میں لائے تاکہ ان کے ذریعے کالج کو مالی فوائد بھی پہنچے اور اس سلسلے میں انہوں نے ممکنہ تجاویز انہیں پیش کرنے کی ہدایت کی۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں