سولرمینوفیکچرنگ انٹرپرائز کا رشکئی خصوصی اقتصادی زون میں 470.78 ملین روپے کی سرمایہ کاری کا فیصلہ

کمپنی کو منظوری دیدی گئی،رسمی کارروائیاں مکمل ہونے کے بعد انٹرپرائز کو منظوری کا باضابطہ خط جاری کیا جائے گا ، جس میں اسے ایس ای زیڈ کے مالی فوائد کا حق دیا جائے گا

جمعرات 18 اپریل 2024 15:35

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اپریل2024ء) پاکستان کے سولر مینوفیکچرنگ انٹرپرائز سٹیلر نے پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک )کے فلیگ شپ منصوبے رشکئی ترجیحی خصوصی اقتصادی زون (پی ایس ای زیڈ) میں 470.78 ملین روپے کی سرمایہ کاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔گوادر پرو کے مطابق کمپنی کور شکئی پی ایس ای زیڈ کی آٹھویں ایس ای کمیٹی کے اجلاس کے دوران منظوری دی گئی۔

کمیٹی میں بورڈ آف انویسٹمنٹ پاکستان(بی او آئی)، رشکئی اسپیشل اکنامک زون ڈویلپمنٹ اینڈ آپریشنز کمپنی (آر ایس ای زیڈ ڈی او سی)، خیبر پختونخوا اکنامک زون ڈیولپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی(کے پی ای زیڈ ڈی ایم سی)، خیبر پختونخوا اسپیشل اکنامک زون اتھارٹی (کے پی-سیزا)، ڈپٹی کمشنر نوشہرہ اور خیبر پختونخوا بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ (کے پی-بی او آئی ٹی) کے نمائندے شامل تھے۔

(جاری ہے)

گوادر پرو کے مطابق رسمی کارروائیاں مکمل ہونے کے بعد ، انٹرپرائز کو منظوری کا باضابطہ خط جاری کیا جائیگا جس میں اسے ایس ای زیڈ کے مالی فوائد کا حق دیا جائے گا۔ گوادر پرو کے مطابق صاف اور پائیدار توانائی کے حل کو فروغ دینے کے لئے حکومت کے موجودہ وڑن کے مطابق بی او آئی شمسی پینل مینوفیکچرنگ کے شعبے میں سرمایہ کاری کی فعال طور پر حوصلہ افزائی اور سہولت فراہم کرتا ہے۔

یہ تزویراتی توجہ نہ صرف ماحولیاتی استحکام میں حصہ ڈالتی ہے بلکہ حکومت کے لئے طویل مدتی آمدنی پیدا کرنے میں بھی اضافہ کرتی ہے۔ گوادر پرو کے مطابق ایس ای زیڈز کے سیکرٹریٹ کی حیثیت سے بی او آئی نئے انٹرپرائز کو 6 ماہ کے اندر اپنی تعمیراتی سرگرمیاں شروع کرنے اور منظوری کے 24 ماہ کے اندر پیداوار شروع کرنے کے قابل بنانے کے لئے ہر ممکن سہولت فراہم کرے گا۔ گوادر پرو کے مطابق رشکئی پی ایس ای زیڈ نوشہرہ کے پی میں واقع ہے جو تقریبا ایک ہزار ایکڑ رقبے پر پھیلا ہوا ہے۔ اس زون میں 4 بلین امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری کی صلاحیت ہے۔ اس کی تکمیل کے بعد رشکئی پی ایس ای زیڈ سے مقامی لوگوں کے لئے براہ راست اور بالواسطہ طور پر روزگار کے 200000 مواقع فراہم ہونے کی توقع ہے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں