بلو چستان کے 30اضلاع میں سات روزہ اہم انسداد پولیو مہم آج سے شروع ہوگی

مہم کے دوران 23لاکھ 95ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاو کے قطرے پلائے جائیں،آرڈینیٹر ای او سی سید زاہد شاہ

اتوار 28 اپریل 2024 14:15

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2024ء) ایمر جنسی آپریشن سینٹر بلوچستان کے کوارڈینٹر سید زاہد شاہ نے کہا ہے کہ بلوچستان کے 30اضلاع میں انسداد پولیو کی خصوصی اور اہم مہم آج 29اپریل بروز پیر سے شروع ہو گی، سات روزہ انسداد پولیو مہم بلوچستان سے پولیو کے وائرس کو ختم کرنے کی کوششوں کا تسلسل ہے جو صوبے میں ظاہر ہونے والے حالیہ پولیو کے کیسز اور ماحولیاتی نمونوں میں وائرس کی موجودگی کے تناظر میں شروع کی جارہی ہے مہم کے دوران 23 لاکھ95 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاو کے قطرے پلائے جائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جاری کردہ ایک پریس ریلیز میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ انسداد پولیو کی یہ خصوصی مہم کوئٹہ سمیت صوبے کے 30 اضلاع میں سات روز تک جاری رہے گی ۔

(جاری ہے)

مہم کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ اس خصوصی مہم کے انعقاد حالیہ پولیو وائرس کی موجودگی پر کیا جا رہا ہے۔ سید زاہد شاہ نے کہا کہ ہم نے عزم کر رکھا ہے کہ ماحول میں موجود پولیو وائرس کو قدم جمانے نہیں دیں گے بچوں کو پولیو ویکسین کے دو قطرے بار بار پلانے سے اس وائرس کا خاتمہ ممکن ہے ۔

انہوں نے والدین سول سوسائٹی، اساتذہ اور علما کرام پر خصوصی طور زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس خصوصی مہم میں اپنے تعاون کو یقینی بنائیں۔ بچوں کو قطروں سے محروم نہ ہونے دیں تاکہ آئندہ ہمارا کوئی بھی بچہ ہمیشہ کیلئے معذور نہ ہو۔واضح رہے کہ بلوچستان میں تین سالوں کے بعد دو پولیوکے کیسز چمن اور ڈیرہ بگٹی سے رواں سال رپورٹ ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پولیو ورکرز ہرطرح کے سخت ترین موسمی حالات کے باوجود قومی فریضہ کی ادائیگی میں احسن طریقے سے کردار نبھارہے ہیں، معمول کے حفاظتی ٹیکہ جاتی نظام کو بھی مضبوط بنیادوں پر استوار کیا جارہا ہے۔

سید زاہد شاہ نے مزید کہا ہے کہ پولیو مہم کے دوران 10 ہزار سے زائد ٹیمیں حصہ لیں گی۔جن میں 8ہزار 9 موبائل ٹیمیں،837فکسڈسائٹس اور 541ٹرانزٹ پوائنٹس شامل ہیں۔ سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں پولیس لیویز اور ایف سی کے جوان فرائض سرانجام دیں گے۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں