راجن پور،کاشتکار حالیہ سیلاب اور بارشوں سے محفوظ کپاس کی فصل کی بڑھوتری پر توجہ دیں،اسسٹنٹ ڈائریکٹر پیسٹ وارننگ

اتوار 4 ستمبر 2022 17:40

راجن پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 ستمبر2022ء) اسسٹنٹ ڈائریکٹر پیسٹ وارننگ راجن پور راحت راشد نے حالیہ سیلاب اور بارشوں کے بعد مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے کاشتکاروں کو سفارشات کی ہیں کہ کپاس کے وہ کھیت جو حالیہ سیلاب سے متاثر نہیں ہوئے ہیں اور شدید بارشوں کے بعد ان کی بحالی ممکن ہے وہ اپنے کھیتوں پر توجہ دیں اور حوصلہ نہ ہاریں۔

کھیتوں میں موجود اضافی پانی کی نکاس کیلئے شفٹی پمپ یا بورنگ کا استعمال کریں۔ جڑی بوٹیوں کے موثر تدارک کیلئے وتر آنے پر گوڈی کی جائے یا شیلڈ لگا کر گلائیفوسیٹ سپرے کریں۔ سب سے اہم بات یہ ہے کہ مزید پھل پھول اٹھانے، مزید بڑھوتری اور زیادہ پیداوار کے حصول کیلئے 2 کلوگرام یوریا + پوٹاشیم نائٹریٹ 200 گرام + بورک ایسڈ 300 گرام + زنک سلفیٹ 250 گرام + میگنیشیم سلفیٹ 300 گرام کو 100 لیٹر پانی میں حل کرکے 5 یا 6 دن کے وقفے سے دو سے 3 سپرے کریں۔

(جاری ہے)

کپاس کی بڑھوتری اور پھل پھول حاصل کرنے کیلئے ہر پانی کے ساتھ 1 یا آدھی بوری یوریا دیں۔ کپاس ستمبر میں جو پھل اٹھائے گی وہ کامیاب رہے گا۔ پھٹی کا ریٹ اچھا ہے اور مزید آگے بڑھے گا۔ کپاس کے پودوں کے مرجھانے کی صورت میں سلفر 3 کلوگرام پانی کے ساتھ استعمال کریں اور فوسیٹائل ایلومینیم بحساب 250 گرام فی ایکڑ سپرے کریں۔سفید مکھی کے موثر تدارک کیلئے نباتاتی اجزا کوڑتمہ، نیم، اک، تمباکو اور ہنگ کا محلول تیار کرکے سپرے کریں۔

کھیت میں پیلے چپکنے والے پھندے بحساب 8 فی ایکڑ استعمال کریں۔ ان پر چپکنے والا مادہ لگائیں اور 5 دن بعد وہ مادہ دوبار لگائیں۔ سفید مکھی کے معاشی نقصان دہ حد کی صورت میں اس کے انڈوں اور بچوں کیلئے سپائروٹیٹرامیٹ یا بپروفیزن یا پائری پراکسی فن سپرے کریں۔ بالغ سفید مکھی کیلئے اسیٹامپرڈ یا ڈایا فینتھیوران سپرے کریں اور ان کے 5 دن بعد نباتاتی اجزا کا سپرے کریں۔ بعض کھیتوں میں فصل اور اس کے پتے کالے ہونا شروع ہوگئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :

راجن پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں