عوامی مسائل کے حل کے لئے کھلی کچہریوں کاانعقاد باقاعدگی سے کیا جارہا ہے،ڈی سی راجن پور

ہفتہ 12 اکتوبر 2019 17:53

راجن پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اکتوبر2019ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان خان بزدار کی ہدایات پر عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے کھلی کچہریوں کاانعقاد باقاعدگی سے کیا جارہا ہے۔ عوام اپنے مسائل کے حل کے لئے کسی بھی انتظامی افسر سے کھلی کچہریوں کے علاوہ کسی بھی وقت رجوع کرسکتے ہیں۔ لوگوں کی طرف سے کی گئی شکایات کا ازالہ کیا جائے گا۔

یہ باتیں ڈپٹی کمشنر راجن پور محمد افضل ناصر خان نے دیگر تمام محکموں کے افسران کے ہمراہ اپنے دفتر میں منعقدہ ہفتہ وار کھلی کچہری میں آنے والے سائلین سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔کھلی کچہری میں مالی و طبی امداد کے لئے آنے والے معذور بچے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے محکمہ صحت کے افسران کو سختی سے ہدایت کی کہ اسے فوری طور پر ڈی ایچ کیو میں داخل کر کے علاج شروع کیا جائے اور میڈیکل بورڈ اس بات کا تعین کرے کہ اس کے علاج پر کتنی رقم خرچ ہو گی تاکہ اعلیٰ حکام سے بچے کے علاج معالجہ بارے وسائل کی فراہمی کے لئے بات چیت کی جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ کھلی کچہریوں میں پیش کی گئی شکایات پر کاروائی کے عمل کے دوران شکایات کنندگان کو مکمل طور پر باخبر رکھا جاتا ہے۔ڈپٹی کمشنر محمدافضل ناصر خان نے تمام محکموں کے افسران کوہدایت کی کہ آنے والے سائلین سے خندہ پیشانی سے پیش آئیں اور ان کے مسائل کے حل کو اولین ترجیح دی جائے اور سائل کو دوسری مرتبہ کھلی کچہری میں آنے کی ضرورت محسوس نہ ہو۔ اس ضمن میں سستی اور غفلت برتنے والے افسران کے خلاف سخت تادیبی کاروائی کی جائے گی۔

راجن پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں