راولاکوٹ: کورونا وائرس اور ہیلتھ ایمرجنسی کے باعث لوگوں کو طبی سہولیات کے حوالہ سے شدیدمشکلات کا سامنا

جمعہ 10 اپریل 2020 22:54

راولاکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 اپریل2020ء) کورونا وائرس اور ہیلتھ ایمرجنسی کے باعث لوگوں کو طبی سہولیات کے حوالہ سے شدید مشکلات کا سامنا ہے ، پونچھ ڈویژن کے بڑے ہسپتال سی ایم ایچ راولاکوٹ میں تمام اوپی ڈیز بند ہیں ، جان لیوا امراض میں مبتلا مریضوں کو طبی معائنہ کیلئے بھی سخت دشواریوں سے گزرنا پڑتا ہے ، سی ایم ایچ راولاکوٹ میں کورونا سے متاثرہ مریضوں کی موجودگی تشویشناک ہے ، حکومت کو چاہیے کہ وہ راولاکوٹ میں فوری طور پر کورونا وائرس کے متاثرہ مریضوں کیلئے علیحدہ ہسپتال قائم کرے ، یہ بات مسلم کانفرنس سٹی راولاکوٹ کے صدر خواجہ جاوید ، جنرل سیکرٹری امجد اسلم ، اعوان ایجوکیشنل اینڈ ویلفیئر سوسائٹی کے صدر زرین اعوان ،جماعت اسلامی کے رہنمائوں محمد وسیم صیاد ، تنویر اسلم ، جماعت اسلامی یوتھ ونگ کے ڈویژنل جنرل سیکرٹری قاضی نثار احمد اور دیگر نے اپنے علیحدہ علیحدہ بیانات میں کیا ، انہوں کہا کہ سی ایم ایچ راولاکوٹ میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کیلئے گوکہ آئسولیشن وارڈ قائم کی جاچکی ہے لیکن بڑے ہسپتالوں میں مریضوں اور لوگوں کی آمدورفت بھی زیادہ ہوتی ہے اس لئے مریضوں اور ان کے لواحقین کو اس مہلک وبا سے بچانے کیلئے الگ ہسپتال کا قیام انتہائی ضروری ہے ، اس کے علاوہ کورونا وائرس ٹیسٹ کرنے کی پی سی آر مشین کو فوری طور پر فعال بنایا جائے اور ٹیسٹ کی استعداد کار بڑھائی جائے تاکہ ہنگامی صورت حال سے نمٹا جا سکے ۔

راولا کوٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں