مسلم کانفرنس خواتین ونگ کی چیئرپرسن سمعیہ ساجد راجہ اور جنرل سیکرٹری کوثر پروین ایڈووکیٹ کا پونچھ ڈویژن کا طوفانی دورہ ، جگہ جگہ شاندار استقبال

منگل 28 نومبر 2023 16:09

راولاکوٹ /مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 نومبر2023ء) آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس خواتین ونگ کی چیئرپرسن سمعیہ ساجد راجہ اور جنرل سیکرٹری کوثر پروین ایڈووکیٹ کا پونچھ ڈویژن کا طوفانی دورہ ، جگہ جگہ شاندار استقبال ، پونچھ ڈویژن کی صدر شہناز جاوید کی قیادت میں خواتین نے مرکزی قائدین کا پرتپاک استقبال کیا ، پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور مالائیں پہنا کر خوش آمدید کہا ، فضا جئے مرشد، جئے عتیق، کشمیر بنے گا پاکستان کے نعروں سے گونج اٹھی ۔

راولاکوٹ میں استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سمعیہ ساجد راجہ اور کوثر پروین ایڈووکیٹ نے کہا کہ ریاستی جماعت مسلم کانفرنس نے خواتین کو سیاست میں متحرک اور فعال کردار دے کر قومی ذمہ داری کی تکمیل کی ہے ، خواتین کی سرگرم شمولیت کے بغیر کوئی بھی معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا ، مسلم کانفرنس کشمیریوں کی تاریخی اور نظریاتی جماعت ہے جس سے تحریک آزادی کی ابتدا کی گئی تھی اور اس وقت سے ہی خواتین نے اس جماعت کو مضبوط اور منظم کرنے میں اپنا اہم کردار ادا کیا ہے ، انہوں نے کہا کہ شہیدوں اور غازیوں کی سرزمین پر پونچھ ڈویژن کی خواتین نے جس جوش و جذبے سے ہمیں خوش آمدید کہا اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ مسلم کانفرنس دلوں کی حکمران ہے اور خواتین ریاستی جماعت میں اپنا فعال کردار ادا کرنے کے لیے تیار و مستعد ہیں ، انہوں نے کہا کہ صدر جماعت کی ہدایت کے مطابق بہت جلد پورے پونچھ ڈویژن کا دورہ کر کے جماعت کی تنظیم سازی کے عمل کو مکمل کریں گے ۔

(جاری ہے)

مسلم کانفرنس نے خواتین کو ہمیشہ جائز مقام دیا ہے جس کی مثال موجودہ سیکرٹری جنرل محترمہ مہرالنساء ہیں جو مسلسل 3 بار پارٹی کی سیکرٹری جنرل بنی ہیں ، مسلم کانفرنس کے دور حکومت میں خواتین کو روزگار کی فراہمی کے سلسلہ میں بلاسود قرضوں کا اجراء کیا گیا اس کے ساتھ ساتھ حکومت میں بھی بھرپور نمائندگی دی گئی یہی وجہ ہے کہ آج بھی خواتین ریاستی جماعت مسلم کانفرنس پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کر رہی ہیں ، انہوں نے کہا کہ مسلم کانفرنس قانون ساز اسمبلی میں خواتین نشستوں میں اضافے کا مطالبہ کرتی ہے ، حکومت فی الفور اسمبلی میں خواتین کی نشستیں بڑھائے تاکہ خواتین کے مسائل حل ہو سکیں ۔

اس موقع پر مسلم کانفرنس پونچھ ضلع کے کنوینئر سردار اظہر نظر،مرکزی رہنما مسلم کانفرنس سید اظہر علی شاہ،مرکزی رہنما خواجہ جاوید حسین مرکزی رابطہ سیکرٹری مسلم کانفرنس سردار نیاز تبسم،سابق جنرل سیکرٹری مسلم کانفرنس سٹی راولاکوٹ امجد اسلم،مرکزی رہنما نواز حیات،، مرکزی رہنما صہیب کمال، وائس چیئرپرسن خواتین ونگ سٹی راولاکوٹ نمرہ عفان، خواتین ونگ کی رہنما عالیہ عرفان، ڈاکٹر ازیفہ نیاز صدر ایم ایس ایف پونچھ یونیورسٹی، رابعہ شوکت، پارسہ خان امجد، انشرہ شکیل سمیت سینئر مسلم کانفرنسی رہنمائوں نے بھرپور شرکت کی ، مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ سمعیہ ساجد راجہ اور کوثر پروین اعوان ایڈووکیٹ کی خواتین ونگ کو آزاد کشمیر بھر میں منظم کرنالائق تحسین ہے شہناز جاوید خواجہ کو صدر خواتین ونگ پونچھ ڈویژن بنے پر مبارکباد بھی دی۔

تقریب میں کشمیر و فلسطین میں آئے روز ہونے والے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف قرار پیش کی جس کو منظور کیا گیا۔ چوہدری غلام عباس ، مجاہداول سردار عبدالقیوم سمیت مرحوم قائدین کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی اور مسلم کانفرنس کے رہنما قاضی مقصود احمد سمیت دیگر بیماروں کی جلد صحتیابی کے لیے بھی دعا کی گئی ۔ آخر میں مرکزی چیئرپرسن خواتین ونگ سمعیہ ساجد راجہ، مرکزی جنرل سیکرٹری خواتین ونگ کوثر اعوان ایڈووکیٹ نے کامیاب پروگرام کے انعقاد پر اور شاندار استقبال پر شہناز جاوید خواجہ کو مبارکباد دی اور مسلم کانفرنس خواتین ونگ کی تنظیم سازی کے حوالہ سے تعاون کی یقین دہانی پر سینئر ساتھیوں کا شکریہ ادا کیا۔

راولا کوٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں