پی آئی اے طیارہ روکنے کا معاملہ،ملائیشین عدالت کا کوئی نوٹس موصول نہیں ہوا، غلام سرور

ویتنام سے لیز پر حاصل کیے گئے مسافر طیاروں کے واجبات کا معاملہ برطانوی عدالت میں زیر سماعت ہے ، وفاقی وزیر

ہفتہ 16 جنوری 2021 23:57

پی آئی اے طیارہ روکنے کا معاملہ،ملائیشین عدالت کا کوئی نوٹس موصول نہیں ہوا، غلام سرور
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جنوری2021ء) وفاقی وزیر برائے ہوابازی غلام سرور خان نے ملائیشیا میں پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی ای) کا طیارہ روکے جانے سے متعلق کہا ہے کہ ویتنام سے لیز پر حاصل کیے گئے مسافر طیاروں کے واجبات کا معاملہ برطانوی عدالت میں زیر سماعت ہے ،ملائیشیا کی عدالت کی جانب سے کوئی نوٹس موصول نہیں ہوا۔

پریس بریفنگ کے دوران انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومت میں اس وقت کے وزیراعظم کے مشیر برائے ایوی ایشن شجاعت عظیم نے انتہائی مہنگے معاہدے پر ویتنام سے 2 طیارے حاصل کیے تاہم کووڈ 19 کی وجہ سے ان کے واجبات کی ادائیگی ممکن نہیں ہوسکی۔غلام سرور نے بتایا کہ لیز جولائی میں ختم ہورہی ہے تاہم ہم نے لندن کورٹ آف آربیٹریشن میں کیس دائر کیا ہے کہ کووڈ 19 کی وجہ سے بقایاجات ادا نہیں کرسکے اور جیسے ہی کورونا کے بعد صنعت بحال ہوگی تمام بقایا جات ادا کردیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت نے کمپنی کے مفادات کو مد نظر رکھتے ہوئے مہنگے ترین معاہدے کیے۔انہوںنے کہاکہ ویتنام کی جانب سے ملائیشیا کی عدالت میں مقدمہ دائر کیا گیا جبکہ عدالت کی جانب سے بہرحال کوئی نوٹس موصول نہیں اور بغیر اطلاع دیے جہاز کو اپنی تحویل میں لے لیا۔واضح رہے کہ گزشتہ یہ خبر سامنے آئی کہ ملائیشیا کی ایک مقامی عدالت کے حکم پر کوالالمپور ایئرپورٹ پر پی آئی اے کا مسافر طیارہ بوئنگ 777 روک لیا گیا۔

اس ضمن میں وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور نے واضح کیا کہ اٹارنی جنرل سے ہدایات لے لی گئی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ 22 تاریخ کو برطانوی اور 24 تاریخ کو ملائیشیا کی عدالت میں پیش ہو کر اپنا مؤقف دیں گے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ اصل فیصلہ برطانوی عدالت سے آئے گا اور ہمیں منظور ہوگا۔مذکورہ معاملے پر ترجمان پی آئی اے نے کہا تھا کہ پی آئی اے اور ایک دوسرے فریق کے مابین برطانیہ کی عدالت میں قانونی تنازع زیر التوا ہے جس کے تناظر میں ملائیشیا کی مقامی عدالت کے دئیے گئے یک طرفہ حکم پر طیارے کو روکا گیا۔

مذکورہ طیارے کی قابل ادا رقم کی مالیت مبینہ طور پر 14 ملین ڈالرز ہے اور اس ضمن میں لندن کی عدالت میں معاملہ ثالثی کے مراحل میں ہے۔ثالثی کے باوجود لیز کمپنی نے ملائیشیا کی مقامی عدالت سے طیارہ روکے جانے کا حکم نامہ جاری کرایا اور عدالتی حکم پر طیارے کو ٹیک آف سے قبل روک دیا گیا۔ترجمان پی آئی اے نے ملائیشیا میں پی آئی اے کے طیارے کے مسافروں کے حوالے سے بتایا کہ 118 مسافر براستہ دبئی متبادل ذریعے سے 11 بجے اسلام آباد پہنچیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ 54مسافر براستہ دوحہ پرواز نمبر کیو آر 632 سے کل صبح 1 بج کر 40 منٹ پر اسلام آباد پہنچیں گے۔انہوںنے کہاکہ پی آئی اے کی جانب سے مسافروں کو ضروری سہولیات فراہم کی جاری ہیں۔ایک سوال کے جواب میں غلام سرور نے کہا کہ ہم عوام کی پیداوار ہیں، جی ایچ کیو قومی ادارہ ہے ہمیں اس پر ناز ہے۔انہوں نے اپوزیشن جماعتوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے غبارے سے ہوا نکل چکی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم نے کہا تھا کہ پی ڈی ایم استعفیٰ نہیں دیگی اور انہوں نے نہیں دیا، انہیں ضمنی اور سینیٹ انتخاب میں حصہ لینا چاہیے، اگر صوبے اور وفاق میں عدم اعتماد کی تحریک لانا چاہتے ہیں تو یہ بھی ان کا حق ہے، اس معاملے کا مقابلہ کریں گے اور انہیں مزید منہ کی کھانا پڑے گی۔انہوں نے پنڈی اور اسلام آباد میں پینے کے پانی کی کمی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پانچ ڈیمز میں چند پر کام جاری ہے جبکہ کچھ پر کام شروع ہونے والا ہے۔انہوں نے کہا کہ چار مرتبہ وزیر پیٹرولیم رکھنے کے باوجود وہ اپنے حلقے میں گیس کا پراجیکٹ نہیں دے سکا۔انہوںنے کہاکہ تھانہ روات یونین کونسل کے ساتھ دیہادتوں کو گیس دینے کے پراجیکٹ پر آغاز کرنے جارہے ہیں۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں