آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ کا افغانستان سے امریکی فوج کے انخلاء کا خیرمقدم

امریکا کی افغان امن کیلئے امداد جاری رکھنے کی یقین دہانی، پرامن افغانستان خطے کے بہترین مفاد میں ہے، توقع ہے ہرشعبے میں پاکستان اور امریکا کا تعاون مزید فروغ پائے گا۔ آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ کی امریکی ناظم الامور سے گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 15 اپریل 2021 22:23

آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ کا افغانستان سے امریکی فوج کے انخلاء کا خیرمقدم
راولپنڈی(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 اپریل2021ء) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے افغانستان سے امریکی افواج کے انخلاء کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پرامن افغانستان پورے خطے کے بہترین مفاد میں ہے، آرمی چیف اور امریکی ناظم الامور کے درمیان ملاقات میں تمام شعبوں میں پاک امریکا دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیاگیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے امریکا کی قائم مقام سفیر انجیلا ایگلر نے ملاقات کی۔

ملاقات میں علاقائی سلامتی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی گئی۔ افغان امن عمل میں اب تک کی پیشرفت پر بھی تفصیلی بات چیت کی گئی، تمام شعبوں میں پاک امریکا دوطرفہ تعاون کے مزید فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔

(جاری ہے)

امریکی ناظم الامور نے افغان عمل میں پاکستان کی مخلصانہ کوششوں کو سراہا۔ امریکی سفیرنے افغانستان میں امن کے حصول کیلئے امریکی امداد جاری رکھنے کا بھی یقین دلایا۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ توقع ہے ہر شعبےمیں پاکستان اورامریکا کا تعاون مزید فروغ پائے گا۔ آرمی چیف نے ستمبر2021 تک افغانستان سے امریکی افواج کے انخلاء کے اعلان کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ خوشحال، مستحکم اور پرامن افغانستان پاکستان اور خطے کے بہترین مفاد میں ہے۔ دوسری جانب ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا امریکی صدر کے اعلان کیا کہ افغانستان سے امریکی افواج کا انخلاء رواں سال یکم مئی کو شروع ہوگا اور 11 ستمبر تک مکمل ہوگا۔ یہ ضروری ہے کہ افغانستان سے غیر ملکی افواج کا انخلاء امن عمل میں ہونے والی پیشرفت سے ہم آہنگ ہو۔ پاکستان افغان اسٹیک ہولڈرز سے ہم آہنگی کے ساتھ ذمہ دارانہ فوجی انخلاء کا حامی ہے۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں