وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کے بیانیے کو دنیا بھر میں پذیرائی ملی ہے ، فدا حسین کیانی

اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو رائے شماری کا حق دلانا ہو گا،ڈی جی جموں وکشمیر لبریشن سیل

جمعرات 21 نومبر 2019 17:10

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 نومبر2019ء) ڈائریکٹر جنرل جموں وکشمیر لبریشن سیل فدا حسین کیانی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کے اس بیانیے کو دنیا بھر میں پذیرائی ملی ہے کہ مقبوضہ کشمیرکے عوام مسئلے کے بنیادی فریق ہیں اور ریاست کے عوام رائے شماری کا بنیادی حق چاہتے ہیں۔ وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر خان نے یورپی پارلیمنٹ اور برطانیہ کے اندر کشمیریوں کی آوازموثر انداز میں پہنچائی ہے جس کی وجہ سے ممبران یورپی ، برطانوی پارلیمنٹ خود وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان کے ساتھ اپنی ملاقاتوں کوتصاویر کے ساتھ سوشل میڈیا پرجاری کر کے ان کے بیانیے کی حمایت کررہے ہیں۔

وہ یہاں کشمیر سینٹر راولپنڈی میں مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما اور معروف صنعتکار سردار سعید عزیز سے بات چیت کر رہے تحھے۔

(جاری ہے)

اسسٹنٹ ڈائریکٹر سردار نجیب الغفور بھی ملاقات کے دوران موجود تھے۔ فدا کیانی نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کا دنیا میں واحد وکیل ہے، پاکستان کی سلامتی، بقائ اوراستحکام تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی کے لئے وقت کی اہم ضرورت ہے۔

پاکستان کی سیاسی ، دینی قیادت کی طرف سے متحد ہو کر ایک مضبوط پیغام مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام اور دنیا کو جانا چاہے۔ فدا کیانی نے کہا کہ نریندر موودی کے ظالمانہ اقدامات مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کی تحریک آزادی کا راستہ نہیں روک سکتے، خطے میں پائیدار امن کے تمام راستے ریاست جموں وکشمیر سے ہو کر گزرتے ہیں،عالمی طاقتیں اگرامن کا قیام چاہتی ہیں تو انہیں حالات کی سنگینی کا ادراک کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی قراردادوں اور خود ہندوستانی حکمران جواہر لال نہرو کے وعدوں کے مطابق کشمیریوں کو رائے شماری کا حق دلانا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ اگر دنیا نے بھارتی مظالم اورمقبوضہ جموں کشمیر پرہندوستانی محاصرے کو ختم کرانے اور کشمیریوں کو ان حق دلانے کے لئے اپنی ذمہ داریاں ادا نہ کیں تو مقبوضہ ریاست جموں وکشمیر میں جلنے والی آگ پوری دنیا کے امن کو اپنی لپیٹ میں لے سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ممالک مقیم کشمیری ہندوستان کا گھناؤ نا چہرہ عالمی سطح پر بے نقاب کرنے کیلئے بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں