سردارعتیق سے پاکستان اسمبلی آف مسلم یوتھ کے رہنماء آصف آصفی اور مرتضی جٹ کی ملاقات،مسئلہ کشمیر سمیت آزادکشمیر کی سیاسی صورتحال پرتبادلہ خیال

منگل 2 اپریل 2024 18:06

مظفرآباد/راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اپریل2024ء) صدرمسلم کانفرنس و سابق وزیراعظم آزادکشمیر سردارعتیق احمد خان سے پاکستان اسمبلی آف مسلم یوتھ کے رہنما میاں آصف آصفی اور مرتضی جٹ کی ملاقات۔ ملاقات میں صدرمسلم کانفرنس سردار عتیق احمدخان کو12روزہ کامیاب دورہ سعودی عرب اور عمرہ کی سعادت حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کی ۔

ملاقات میں مسئلہ کشمیر سمیت آزادکشمیر کی سیاسی صورتحال پرتفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا۔صدر مسلم کانفرنس نے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان مقبوضہ کشمیر میں نہتے لوگوں پر ظلم کے پہاڑ ڈھارہا ہے، وہ طاقت کے ذریعے کشمیریوں کی آواز کو دبا نہیں سکتا، اقوام متحدہ کی قراردادیں بہت واضح ہیں کہ کشمیریوں کو آزادانہ اور شفاف استصواب رائے کے ذریعے حق خودارادیت دیا جائے گا تاکہ وہ اپنے مستقبل کے بارے میں فیصلہ کرسکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہندوستان مقبوضہ کشمیر میں نہتے لوگوں پر ظلم کے پہاڑ ڈھارہا ہے، اگر ہندوستان کو لگتا ہے کہ وہ طاقت کے ذریعے کشمیریوں کی آواز کو دبا سکتا ہے تو یہ ناممکن ہے۔مسلم کانفرنس مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی منصفانہ جدوجہد کے لیے اپنی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گی۔ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کی تحریک آزادی کو دبانے کی ناکام کوشش میں نسل کشی، ماورائے عدالت قتل، حراست میں تشدد، کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال، بچوں اور خواتین کے خلاف تشدد، جبری گمشدگیوں، پیلٹ گنز، اجتماعی سزا، کالے قوانین، فالس فلیگ آپریشنز جیسے غیر قانونی، غیر انسانی اور غیر اخلاقی ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے۔

انہوں نے جغرافیائی آبادیاتی منظر نامے کو تبدیل کرنے اور مسلم اکثریت کو خطے میں اقلیت میں تبدیل کرنے کے لیے بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں وکشمیر میں غیر قانونی ہندو بستیوں کے قیام کے مودی کے اقدام پر تشویش کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ 05 اگست 2019 کے بھارتی غیر قانونی اقدامات کے بعد بھارت کی طرف سے غیر کشمیریوں کو کشمیری ڈومیسائل کے اجرا میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آر ایس ایس کے دہشت گرد نیٹ ورک کی عالمی رسائی عالمی امن کے لیے خطرہ ہے۔ اس خطے میں جب تک مسئلہ کشمیر کشمیریوں کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل نہیں ہو گا امن قائم نہیں ہو گا۔انہوں نے مزید کہا کہ مسلم کانفرنس روز اول سے اس تحریک آزادی ؂کیساتھ وابستہ ہے اور وہ دن دور نہیں جب کشمیری عوام آزادی کا سورج دیکھیں گے۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں