پاکستان میں ٹیکنالوجی اور کارخانے منتقل کرنے کے خواہاں ہیں ،چینی سفیر

جمعرات 18 اپریل 2019 20:40

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2019ء) پاکستان میں تعینات چین کے سفیریائو جنگ نے کہا ہے کہ چینی کمپنیاں پاکستان میں ٹیکنالوجی اور کارخانے منتقل کرنے کی خواہشمند ہیں،دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی روابط بڑھانے کے لیے کاروباری برادری کے درمیان مستحکم تعلقات استوار کرنے کی ضرورت ہے، سی پیک حقیقی معنوں میں گیم چینجر ثابت ہو گا اور خطے کی معیشت ایک نئے افق کی جانب گامزن ہو گی ۔

راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے زیر اہتمام انٹر نیشنل راول ایکسپو میں شریک چینی کمپنیوں کی مقامی صنعتکاروںکی بی ٹو بی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چینی سفیر نے کہا کہ راول ایکسپوکاکامیاب انعقاد راولپنڈی چیمبر کی کامیابی ہے ،راول ایکسپو میں چالیس سے زائد چینی کمپنیاں بھی شریک ہیں ۔

(جاری ہے)

حکومت پاکستان کی جانب سے ویزہ پالیسی اور کاروبار آسان کرنے کے اقدامات سے سرمایاکاری میں اضافہ ہو گا۔

چینی حکومت اس ماہ کے آخر میں وزیر اعظم عمران خان کے دورے کی منتظر ہے۔ ایف ٹی اے کے دوسرے مرحلے پر بھی بات چیت ہو گی۔ کانفرنس سے ڈانگوان چیمبر کی وائس چیئر مین نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر کیمیکل، الیکٹرانکس، شوز اور پیکینگ کے شعبے سے وابستہ چینی کمپنیوں اور مقامی کمپنیوں کے درمیان ایم او یوز بھی ہوئے۔ صدر راولپنڈی چیمبر آف کامرس ملک شاہد سلیم نے ان معاہدوں کو ایک اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایس ایم ایز کے شعبے کی ترقی کے لیے چیمبر راول ایکسپو کی طرز پر پلیٹ فارم مہیا کرتا رہے گا۔

ایکسپو میں انڈونیشیا، ملائیشیا، تھائی لینڈ، افغانستان سے بھی کمپنیاں شرکت کر رہی ہیں۔انہوں نے کہا راول ایکسپو مقامی سرمایہ کاروں اور صنعت کاروں کو غیر ملکی کمپنیوں کے ساتھ براہ راست ملاقات کا موقع فراہم کرتی ہے ۔ تاکہ وہ تمام معلومات حاصل کر سکیں۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں