وزیر اعلیٰ پنجاب کا پی آر او بن کر ائیر پورٹ پر آنیوالے ملزم کو عدالت نے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا،ملزم کی گاڑی بھی کسٹم نان پیڈ نکلی

ہفتہ 24 اگست 2019 00:01

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اگست2019ء) وزیر اعلیٰ پنجاب کا پی آر او بن کر ائیر پورٹ پر آنے والے ملزم کو عدالت نے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا،ملزم کے زیر استعمال گاڑی بھی کسٹم نان پیڈ نکلی،تفصیلات کے مطابق سٹی پولیس آفیسر ڈی آئی جی محمد فیصل رانا نے ایس پی پوٹھو ہار سید علی کو دفتر طلب کر کے ان سے وزیر اعلیٰ کاجعلی پی آر او بن کر پروٹوکول لینے والے ملزمان کے خلاف تھانہ نصیر آباد میں درج مقدمہ کی پراگرس پوچھی،ایس پی پوٹھوہار سید علی نے سی پی او کو بتایا کہ مقدمہ کے ملزمان کو مقامی عدالت میں پیش کیا گیا عدالت نے وزیر اعلیٰ کا جعلی پی آراو بننے والے ملزم حمزہ کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا ،ملزم یونیورسٹی کا طالبعلم ہے،ایس پی کا کہنا ہے کہ ملزم کے زیر استعمال وہ گاڑی جس پر ملزم نے قومی پرچم لگایا ہوا تھا وہ گاڑی بھی ریکارڈ چیک کروائے جانے پر نان کسٹم پیڈ نکلی ہے اس طرح ملزم کا گاڑیوں کے حوالے سے بھی مشکوک معاملات میں ملوث ہونا ثابت ہو رہا ہے،ایس پی نے سی پی اوکو بتایا کہ ملزم کا کہنا ہے کہ اس کے والدین حج سے واپس آ رہے تھے وہ انہیں پولیس کا پروٹوکول دلوانا چاہتا تھا،ملزم کا والد فیروز خان گاڑیوں کی سپیئر پارٹس کا گزشتہ30سالوں سے کاروبار ہے ،ادھر وزیر اعلیٰ کے جعلی پی آر او کی گرفتاری ،اندراج مقدمہ اور اس کا جیل جانا سوشل میڈیا پر پنڈی پولیس کی کارکردگی کے حوالے سے ایک اورٹاپ ٹرینڈ بن گیا ہے،سوشل میڈیا صارفین نے مختلف ذرائع سوشل میڈیا سے اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فیصل رانا کی کمانڈ میں راولپنڈی پولیس ایسی کامیابیوں کی طرف گامزن ہے جس کی مثال پنڈی کی تاریخ میںنہیں ملتی،بعض صارفین کا کہنا تھا کہ پنڈی پولیس اس طرح نڈرپولیسنگ کرتی رہی تو راولپنڈی پاکستان کا سب سے پر امن ترین شہر اور ضلع بن جائے گا۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں