بھارتی فورسز کی پھر ایل او سی پر بلااشتعال فائرنگ ، شہری شہید

بدھ 25 نومبر 2020 23:16

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 نومبر2020ء) بھارتی فورسز نے ایک بار پھر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بلااشتعال فائرنگ کی جس کے نتیجے میں سے ایک شہری شہید ہوگیا۔

(جاری ہے)

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج نے ایل او سی کے باگسر سیکٹر میں سیز فائر کی خلاف ورزی کی اور شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔

بھارتی اشتعال انگیزی سے گاؤں گڑھی میں اپنے گھر کے قریب موٹرسائیکل پر سوار 33 سالہ انصر نشانہ بنے اور اندھا دھند فائرنگ سے شہید ہوگئے۔واضح رہے کہ 22 نومبر کو بھارت کی فوج کی جانب سے کنٹرول لائن کے قریب آزاد جموں و کشمیر کے ضلع کوٹلی میں شادی کے گھر میں موٹر شیل کی فائرنگ سے خواتین اور بچوں سمیت 11 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں