امریکی ناظم الامور انجیلا ایجلر کی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور ، افغانستان کی سکیورٹی صورتحال پر گفتگو

پیر 18 اکتوبر 2021 17:50

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2021ء) پاکستان میں امریکی ناظم الامور انجیلا ایجلر نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور ، افغانستان کی موجودہ سکیورٹی صورتحال اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان دوطرفہ تعلقات کی روایت کو برقرار رکھنے اور امریکہ کے ساتھ پائیدار تعلقات کا خواہاں ہے۔

آرمی چیف نے انسانی بحران سے بچنے اور افغان عوام کی معاشی ترقی کیلئے مربوط کوششوں کے لیے افغانستان کے معاملے پر عالمی سطح پر یکجا ہونے کی ضرورت کا بھی اعادہ کیا۔ امریکی ناظم الامور نے افغان صورتحال ، علاقائی استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور پاکستان کے ساتھ ہر سطح پر سفارتی تعاون میں مزید بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کا عزم ظاہر کیا۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں