گھی، تیل اور آٹا 35 فیصد کم قیمت پر ملے گا

حکومت کا راشن کارڈ متعارف کروانے کا اعلان، راشن کارڈ اسکیم کے تحت شہریوں کو گھی، تیل اور آٹا سستا ملے گا: وفاقی وزیر اسد عمر

muhammad ali محمد علی جمعہ 3 دسمبر 2021 18:24

گھی، تیل اور آٹا 35 فیصد کم قیمت پر ملے گا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 دسمبر2021ء) گھی، تیل اور آٹا 35 فیصد کم قیمت پر ملے گا ، حکومت کا راشن کارڈ متعارف کروانے کا اعلان۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے عوام کو جلد مہنگائی کم ہونے کی نوید سنائی ہے۔ جمعہ کے روز اسلام آباد کے علاقے گولڑہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ آئندہ 15 روز میں مہنگائی سے چھٹکارا مل جائے گا، جنوری میں اسلام آباد میں انصاف صحت کارڈ ہر خاندان کو فراہم کیا جائے گا، ایک خاندان کے سالانہ 10 لاکھ تک اخراجات حکومت برداشت کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں صحت کارڈ کی تقسیم مارچ تک ہوجائے گی۔ وفاقی وزیر نے راشن کارڈ کے اجراء کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ 100 روپے کی چیز 65 روپے میں ملے گی، 100 میں سے 65 آپ دیں گے اور 35 روپے حکومت ادا کرے گی۔

(جاری ہے)

دوسری جانب ادارہ شماریات نے مہنگائی کے اعدادوشمار سے متعلق ہفتہ وار رپورٹ جاری کردی ہے، رپورٹ میں بتایا گیا کہ حالیہ ہفتے مہنگائی کی شرح میں 0.48 فیصد کمی ہوئی، مہنگائی کی مجموعی شرح 18.35 فیصد ہوگئی ہے۔

ایک ہفتے میں دودھ ، گوشت، دالوں اور آٹے سمیت 21 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، جبکہ 11 اشیاء کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔ دال مسور 4 روپے 77 پیسے، دال ماش 5 روپے 62 پیسے، دال مونگ 3 روپے 41 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی ہے۔ اڑھائی کلو گھی کا ڈبہ 9 روپے 63 پیسے، بیف ایک روپے 30 پیسے، مٹن ایک روپے 98 پیسے فی کلو مہنگا ہوا ہے۔ اسی طرح حالیہ ہفتے میں ٹماٹر 19 روپے 53 پیسے، پیاز 3 روپے 25 پیسے، برائلر مرغی کی قیمت میں19 روپے 40 پیسے فی کلو کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے، چینی ایک روپے42 پیسے، آٹے کا بیس کلو کا تھیلا 6 روپے 84 پیسے اور انڈے2 روپے 66 پیسے فی درجن سستے ہوئے۔ حالیہ ہفتے میں 19 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

میں شائع ہونے والی مزید خبریں