راولپنڈی میں جرائم کے مختلف واقعات ،پولیس کی کارروائیاں،اشتہاری مجرم ہلاک،16ملزمان گرفتار،خاتون سمیت دو شہری قتل

جمعرات 18 اپریل 2024 21:10

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2024ء) راولپنڈی بھر میں جرائم کے مختلف واقعات کے دوران خاتون سمیت دو شہری قتل اور پولیس کی کاراروائیوں کے دوران ایک اشتہاری مجرم ہلاک اور 16ملزمان گرفتار کر کے اسلحہ،منشیات اور دیگر سامان بھی برآمد کیا گیا ہے۔پولیس ترجمان کے مطابق کلرسیداں کے علاقے میں اشتہاری مجرمان کی پولیس پارٹی پر فائرنگ کے دوران انتہائی مطلوب اشتہاری مجرم واحد عرف واحدی ہلاک ہوا، اشتہاری مجرم واحد عرف واحدی قتل، ڈکیتی،اغوا، اقدام قتل سمیت مختلف سنگین مقدمات میں ملوث اور مطلوب تھا۔

شہری نے 15 کال پر پولیس کو اطلاع دی کہ ایک شخص نے نازیبا حرکات اور اشارے کرکے خاتون کو ہراساں کیا، صادق آباد پولیس نے15کال پر فوری ریسپانس کرتے ہوئے نازیبا اور فحش حرکات کر کے خاتون کو ہراساں کرنے والے ملزم وقاص کو موقعہ سے گرفتار کر لیا۔

(جاری ہے)

آراے بازار پولیس کو متاثرہ لڑکے کے والد نے درخواست دی کہ ملزمان عدیل،حمزہ اور بلال نے میرے 16 سالہ بیٹے کو زیادتی کانشانہ بنایا اور ویڈیوز بنائیں،آر اے بازار پولیس نے متاثرہ بچے کے والد کی درخواست پر مقدمہ درج کیا تھا، آراے بازار پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزمان حمزہ اور بلال کو بھی گرفتار کر لیا۔

کلرسیداں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے شہریوں کو جھانسے سے گاڑی میں بیٹھا کر انکو لوٹنے والے گینگ کے سرغنہ کاشف عرف کاشی کو گرفتار کرلیا،ملزم سے مسروقہ رقم01 لاکھ روپے برآمد ہوئے،ملزم جھانسے سے خواتین کو اپنی گاڑی میں بیٹھاتے اور گن پوائنٹ پر ان سے سب کچھ چھین لیتے تھے۔گوجرخان پولیس نے 15 کال پر ائیر پورٹ کے علاقہ سے گاڑی چوری کی اطلاع ملنے پر فوری ناکہ بندی کی توملزمان نے پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کر دی،فائرنگ کے تبادلے کے دوران ملزمان گاڑی چھوڑ کر زخمی حالت میں فرار ہو گئے،ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقہ میں سرچنگ کی گئی، ملزمان کو گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائیگا۔

دریں اثناء چونترہ کے علاقہ راجڑ میں خاتون سمیت 02افراد کے جاں بحق ہونے کے معاملہ پر ایس ایس پی آپریشنز نے نوٹس لیتے ہوئے ایس پی صدر سے رپورٹ طلب کر لی،مقتولین کی شناخت رانی بی بی اور محسن کے نام سے ہوئی،ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعہ سابقہ رنجش کا شاخسانہ ہے، نعشوں کوپوسٹمارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے، موقعہ سے شواہد اکھٹے کیے گئے ہیں تمام زاویوں پر تحقیقات کی جا رہی ہے۔

ویسٹریج پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی طورپر گیس سلنڈرز ریفلنگ اورکھلا پیٹرول فروخت کرنے والے 02ملزمان فہد اورابوزر کو گرفتارکرلیا، ملزمان سے گیس سلنڈرز، کھلا پٹرول اوردیگر آلات ریفلنگ برآمد ہوئے۔پیرودھائی پولیس نے ملزم غلام عدیل سے ایک کلو650گرام چرس، ٹیکسلا پولیس نے ملزم صہیب سے ایک کلو300گرام چرس، ائیرپورٹ پولیس نے ملزم محمد بشیر سے 560گرام چرس، بنی پولیس نے ملزم شاہد محمود 520گرام چرس، رتہ امرال پولیس نے ملزم شکیل سے 550گرام چرس برآمد کرلی۔

سول لائنز پولیس نے ملزم نبراس سے 20لیٹرشراب، ملزم خرم سے 05لیٹرشراب،ٹیکسلا پولیس نے ملزم امجد سے 10لیٹرشراب،ملزم رضوان سے ایک بوتل شراب،پیرودھائی پولیس نے ملزم واحد اللہ سے ایک پستول 30بور معہ ایمونیشن، صادق آباد پولیس نے ملزم فرحان سے ایک خنجر برآمد کرکے ملزمان کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کرلیے ۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں