ساہیوال، وکیل کے قتل کا مقدمہ چھ ملزموں کے خلاف درج، گرفتاری کیلئے پولیس کے چھاپے

جمعرات 15 دسمبر 2016 20:30

ساہیوال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 دسمبر2016ء) پولیس تھانہ نور شاہ نے مہر منظور احمد سیال ایڈووکیٹ کے دیرینہ رنجش پر قتل کا مقدمہ چھ ملزموں کے خلاف درج کر لیا ہے جن میں عمران ، ذاکر ، رمضان ، ندیم نصیر ، نواز اور محمد اشرف شامل ہیں ابھی تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔تفصیلات کے مطابق عرصہ سوا سال قبل چک 4-67آر میں مہر منظور سیال کی بیٹی نے ندیم کے بھائی سے لو میرج کر لی مہر منظور احمد سیال اپنے آٹھ ساتھیوں کے ہمراہ آتشی اسلحہ سے مسلح ہو کر دو کاروںمیں اپنی بیٹی کو اغواء کرنے کے لیے گئے تو اس حملے میں فائرنگ کے دوران ندیم نصیر کی والدہ بھاگن قتل ہو گئی جس میں دیگر آٹھ ملزم گرفتار ہو گئے جبکہ مہر منظور احمد سیال ایڈووکیٹ عدالت سے ضمانت کروا نے کے سبب گرفتار نہ ہوسکے جس کا مقتولہ بھاگن کے بیٹوں اور مقتولہ کے بھائی کو صدمہ تھا چنانچہ اسی رنجش کی بنا پر جب بدھ کی شام کو مہر منظور احمد سیال اپنے بھائی مجید سیال کے ہمراہ موٹر سائیکل پر اپنے چک جا رہے تھے کہ نورشاہ یوسف والا روڈ پر چک 4-69 آر کے موڑ پر تاک لگا کر کھڑے چھ ملزم عمران ، ذاکر ، رمضان ، ندیم نصیر ، نواز اور محمد اشرف نے موٹر سائیکل سواروں پر گولیاں برسا دی جس کے نتیجہ میں مہر منظور احمد سیال موقعہ پر ہلاک جبکہ اسکا بھائی مجید سیال زخمی ہوگیا ۔

(جاری ہے)

پولیس تھانہ نور شاہ نے ملزموں کے خلاف مقدمہ 149-148-324-302اور 109ت پ درج کرکے تفتیش شروع کر دی ہے ابھی تک کوئی ملزم گرفتار نہیں ہوسکاتاہم پولیس ملزموں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار رہی ہے۔

متعلقہ عنوان :

ساہیوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں