حکومت نے بدترین مہنگائی کرکے عوام کی چیخیں نکال کر رکھ دی،رانا تنویر حسین

قوم حکمرانوں سے غیر ملکی قرضوں اور کورونا فنڈز کا حساب مانگ رہی ہے، یہ فنڈز کہاں اور کیسے خرچ کئے گئی چیئرمین پی اے سی

جمعہ 4 جون 2021 23:59

شیخوپورہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 جون2021ء) پاکستان مسلم لیگ (ن)کے سینئر مرکزی رہنما و چیئرمین پبلک اکانٹس کمیٹی رانا تنویر حسین ایم این اے نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے ملکی تاریخ کی بدترین مہنگائی کرکے عوام کی چیخیں نکال کر رکھ دی ہیں حکومت کے تمام دعوے اور وعدے دھرے کے دھرے رہ گئے ہیں وفاقی بجٹ پر نواز لیگ حکومت کو ٹف ٹائم دے گی اور اس کیلئے اپوزیشن جماعتوں کو بھی ساتھ ملانے کیلئے حکمت عملی طے کی جارہی ہے، عوام دشمن بجٹ کسی بھی صورت میں منظور نہیں ہونے دیں گے کیونکہ حکومتی وعدوں کی طرح بجٹ بھی الفاظ کا ہیر پھیر اور گورکھ دھندہ ثابت ہوگا حکومت مہنگائی کرنے کی بجائے مہنگائی کے آگے گھٹنے ٹیک چکی ہے یہ حکومت ہیرا پھیری کی ماہر ہے ایک سال میں آٹا چینی کی قیمتوں میں 28فیصد اضافہ اور توانائی کی شرح نمو میں کمی کے باوجود معاشی ترقی کے حکومتی دعوے مضحکہ خیز ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے نواز لیگ کے ڈویژنل جنرل سیکرٹری پیر سید اشرف رسول ایم پی اے کی سربراہی میں ملنے والے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا، رانا تنویر حسین ایم این اے نے کہا کہ حکومتی وزیر مشیر اپنی کارکردگی پیش کرنے کی بجائے نواز لیگ کو ہدف تنقید بنا کر اپنی نااہلی و نالائقی چھپانے کی کوشش کررہے ہیں وفاقی بجٹ پر اپوزیشن کے تحفظات دور کرنے کی بجائے حکومت ملکی معیشت کی تباہی کا ذمہ دار نواز لیگ کو ٹھہرانے کیلئے ایڑھی چوٹی کا زور لگا رہی ہے، انہوں نے کہا کہ قوم حکمرانوں سے غیر ملکی قرضوں اور کورونا فنڈز کا حساب مانگ رہی ہے یہ فنڈز کہاں اور کیسے خرچ کئے گئے اس کا جواب دینا حکومت کی ذمہ داری ہے،انہوں نے کہا کہ حکومت کی تین سالہ کارکردگی عوام کے سامنے بے نقاب ہوچکی ہے حکومت اگر کوئی اچھا کام کرتی تو اسکی ہم ضرور تعریف کرتے جب عوام کی غیر نمائندہ حکومتیں آئیں گی تو عوام کے ساتھ یہی سلوک ہوگا جو موجودہ حکومت کررہی ہیں عمران خان جیسے اناڑی کھلاڑی سے ملک کو ناقابل تلافی نقصان ہورہا ہے اس سے نجات حاصل کرنے کیلئے نواز لیگ پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے بہت جلد احتجاجی تحریک چلانے کی تیاریاں کررہی ہیں، انہوں نے کہا کہ نواز لیگ اور شریف خاندان کے اندر کوئی تنازعہ نہ ہے تمام افراد نواز شریف کے بیانیہ پر قائم ہیں

شیخوپورہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں