دنیا میں پہلی فلاحی ریاست کی بنیاد ہمارے نبی آخرالزمان حضرت محمدنے چودہ سو سال قبل مدینہ میں رکھی ،فردوس عاشق اعوان

اتوار 22 نومبر 2020 23:05

سیالکوٹ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 نومبر2020ء) : معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ دنیا کے اند ر پہلی فلاحی ریاست کی بنیاد ہمارے نبی آخرالزمان حضرت محمدنے چودہ سو سال قبل مدینہ میں رکھی ،وہ ریاست ،ریاست مدینہ تھی جہاں پر غریب ، نادار اور پسے ہوئے طبقے کے مفادات کا تحفظ یقینی بنایا گیا۔

جہاں پر اعلیٰ اور ارفع ہونے کا ایک معیار رکھا گیا وہ تقوی تھا وہاں عربی کو عجمی پر کوئی فضلیت حاصل نہیں تھی وہاں صرف اور صرف آپ کا عمل تھا۔یہی وہ مہذب معاشرہ تھا جس کو اسلام نے پذیرائی دی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو گورنمنٹ ڈگری کالج برائے خواتین ڈسکہ میں ہفتہ شان رحمت اللعالمین کے سلسلہ میں طلبہ و طالبات کے مابین حسن قرات، حسن نعت ، تقریری سمیت دیگر مقابلہ جات میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی طالبات میں انعامات تقسیم کرنے کے سلسلہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ریاست مدینہ میں سرکار دوعالم نے دنیا کے بہترین اصول و ضوابط وضع کیے اور وزیراعظم پاکستان عمران خان کی قیادت میں پاکستان میں ریاست مدینہ کی مضبوط بنیاد رکھی جا رہی ہے جس سے عوام کے حقوق کے تحفظ اور اور ملک کے خوشحال مستقبل کی منزل حاصل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی سربراہی میں پنجاب میں ہفتہ شاہ رحمتہ اللعالمین کی تقریبات بھرپور انداز میں منعقد ہوئیں جن میں عوام نے مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ شریک ہوئے۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اہلیانِ پنجاب نے اس ہفتے نبی رحمت سے جس انداز میں والہانہ محبت کا اظہار کیا اس پر فخر ہے اور ہفتہ شان رحمت اللعالمین منانے والوں نے حقیقت میں اپنی آخرت سنواری ہے۔ انہوں نے کہا کہ مخالفین کی طرف سے یہ اعتراض آتا ہے کہ ربیع الاول کے اختتام کے بعد ہم اب ہفتہ شان رحمت اللعالمین کیوں منا رہے ہیں لیکن جس طرح رب کائنات نے نبی آخر الزماں حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کا ذکر بلند رکھا ان پر درود و سلام بھیجا اسی طرح کائنات کاذرہ ذرہ چرند پرند اور ہر ذی روح نبی پاک صل وسلم کا ذکر کر رہی ہے۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ تمام دن اور تمام زمانے آقا کریم کے ہیں، ایک ہفتہ تو آپکی شان بیان کرنے کیلئے کچھ بھی نہیں زمانے کے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں پھر بھی آقا کی شان بیان کرنے کا حق ادا نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ ہم دنیا کو یہ پیغام دے رہے ہیں کہ نبی کریم صرف مسلمانوں کیلئے نہیں بلکہ تمام جہانوں کیلئے رحمت ہیں اور ان لوگوں کو یہ بتانا چاہ رہے ہیں کہ جو گستاخی ناموس رسالت صلی اللہ علیہ وسلم کے مرتکب ہو رہے ہیں وہ یہ جان لیں کہ ہر مسلمان حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے نام پر کٹ مرنے کو تیار ہے لیکن اس کے دل سے آقائے دو جہاں کی محبت کم نہیں ہو سکتی۔

انہوں نے اس موقع پر ہفتہ شان رحمت اللعالمین کی تقریبات میں رسالہ کا اعلی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی طالبات میں انعامات تقسیم کیے۔ ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وہ آج ڈسکہ میں ضلعی و تحصیل انتظامیہ ، تمام سرکاری محکموں اور پاکستان تحریک انصاف کی تنظیم کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے آئی ہیں جنھوں نے حکومت پنجاب کی ہدایت پر جوش و جذبے سے ہفتہ شان رحمت اللعالمین کیلئے پروقار تقریبات کا انعقاد کیا۔

بعد ازاں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے طالبات میں ایوارڈز بھی تقسیم کئے۔ قبل ازیں ڈسکہ آمد پر اہلیان ڈسکہ میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا فقید المثال استقبال کیا اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کیںاور پنجاب حکومت میں نئی ذمہ داریاں ملنے پر مبارکباد پیش کی۔بعد ازاںوزیر اعلی پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا اپنا منصب سنبھالنے کے بعد سیالکوٹ آمد پر شہریوں پارٹی کارکنان پارٹی رہنما کی طرف سے پرتپاک استقبال کیا۔

حاجی پورہ چوک سبلائم چوک، پکاگڑھا کوٹلی بہرام اور لاری اڈہ سے ہوتی ہوئیں اپنے حلقہ انتخاب کے موضع چک منڈاہر، پلی حبیب پورہ، کلمہ چوک، موضع بھڑتھ ، موضع بوتھ ، کمانوالہ پلی، چائی اڈہ اوراڈہ جنگ موڑ سے ایک ریلی کی شکل میں ذیلدار فارم ہاو ٴس پلواڑہ کلاں پہنچی۔ جہاں پر چودھری عمیر رحیم کی جانب بسلسلہ ہفتہ شانِ رحمتہ اللعالمین محفل سماع میں شریک ہوئیں۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی ریلی کا اہلیان شہر اقبال نے پرتپاک خیرمقدم کیا اور گاڑی پر گل پاشی کی گئی گلے میں ہار پہنائے گئے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے فلک شگاف نعروں اور اورپرجوش خیر مقدم پر اہلیان سیالکوٹ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ وہ ان کے امیدوں پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کرینگی۔

سیالکوٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں