سی پیک کے پیش نظر گلگت بلتستان کی اہمیت بڑھ گئی ہے، امن کے لئے خطے کے عوام، علماء اور حکومت کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا، چیف سیکرٹری گلگت بلتستان

منگل 4 دسمبر 2018 17:20

سکردو ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 دسمبر2018ء) چیف سیکرٹری گلگت بلتستان کیپٹن (ر) خرم نواز آغا نے کہا ہے سی پیک کے پیش نظر گلگت بلتستان کی اہمیت بڑھ گئی ہے، دشمن چاہتے ہیں کہ خطہ میں امن وامان کو خراب کیا جائے مگر گلگت بلتستان کی حکومت تمام مکاتب فکر اور علاقوں کے علماء کے ساتھ ملکر دشمن کے عزائم ناکام بنا دے گی، امن کے لئے خطے کے عوام، علماء اور حکومت کو ملکر کردار ادا کرنا ہوگا۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار سکردو میں امن کمیٹی کے ممبران سے ملاقات میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ بلتستان کا امن مثالی ہے اور اسے برقرار رکھنے میں یہاں کے تمام مکاتب فکر کے علماء کا کردار نا قابلِ فراموش ہے۔ امن برقرار رکھنے کے لئے علماء اور شہریوں کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا۔

(جاری ہے)

چیف سیکریٹری نے کہا کہ وزیراعظم نے گلگت بلتستان کو آئینی پیکج دینے کی پہلے ہی منظوری دے دی ہے، اب اس پر عمل کرنا باقی ہے جس کے لئے جلد اس اہم معاملے کو حکومت اسمبلی میں پیش کرے گی اور اسمبلی سے بل منظور کرکے علاقے کے آئینی حقوق کا مسئلہ جلد حل ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ گلگت سکردو روڈ پر تعمیراتی کام کی بھی نگرانی میں خود ذاتی طورپر کررہا ہوں۔ روڈ اپنے طے شدہ معاہدے کے تحت معیاری بنے گی جس پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ انہوں نے سدپارہ ڈیم کے اہم حصہ شتونگ نالے کے بارے میں کہا ک عوام کی خواہشات کے مطابق شتونگ نالے پر کام ہوگا۔ انہوں نے کہا وزیراعظم گلگت بلتستان کی ترقی میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ سیاحت کے حوالے سے قومی پیکیج میں گلگت بلتستان کو خصوصی اہمیت دی جائے تاہم اس کے لئے امن ضروری ہے اور امن کے لئے خطے کے عوام، علماء اور حکومت کو ملکر کردار ادا کرنا ہوگا۔

سکردو میں شائع ہونے والی مزید خبریں