اسکردو ایئرپورٹ پر پہلی بین الاقوامی پرواز اتر گئی

ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے وقت جہاز کا واٹر کینن سے استقبال کیا گیا ،مسافروں کو پھولوں کے گلدستے پیش کیے

پیر 14 اگست 2023 17:42

اسکردو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2023ء) اسکردو ایئرپورٹ پر دبئی سے آنے والی پہلی بین الاقوامی پرواز اتری گئی پی کی-234 پرواز نے دبئی سے صبح 4 بجکر 15 منٹ پر 80 مسافروں کے ساتھ اڑان بھری اور ساڑھے 4 گھنٹے بعد کامیابی سے اسکردو انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لینڈ کر گئی۔ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے وقت جہاز کا واٹر کینن سے استقبال کیا گیا جبکہ مسافروں کو پھولوں کے گلدستے پیش کیے گئے۔

گلگت بلتستان کے چیف سیکریٹری محی الدین احمد وانی نے اس پیش رفت کو ایک تاریخی لمحہ قرار دیا۔جاری ہونے والے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اسکردو کے لیے بین الاقوامی پروازوں کے آغاز سے سفر کے نئے امکانات پیدا ہوں گے اور اس علاقے کو باقی دنیا سے جڑنے میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ یہ سیاحت کو فروغ دینے اور دیگر علاقوں سے خطے کے رابطوں کو بڑھانے کی جانب ایک بڑا قدم ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے 14 اگست کو پاکستان کے 77ویں یوم آزادی کے موقع پر اسکردو کے لیے پہلی بین الاقوامی پرواز دبئی سے روانہ ہونے پر خوشی کا اظہار کیا۔ایک پیغام میں انہوں نے مسافروں کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ ویڈیو اسٹوریز کے ذریعے پاکستان کی خوبصورتی کی منظرکشی کریں اور اسے شیئر کریں، انہوں نے اس تاریخی پرواز کو حقیقت بنانے میں وزارت ہوا بازی اور گلگت بلتستان انتظامیہ کے تعاون کو سراہا۔فیصل نیاز ترمذی نے کہا کہ آج کا دن سیاحت کے فروغ اور بین الاقوامی رابطوں کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے، اسکردو کے اِس سفر نے پاکستان کی خوبصورتی کو دنیا کے لیے قابل رسائی بنا دیا ہے۔

سکردو میں شائع ہونے والی مزید خبریں