صوابی میں بیس کنال اراضی پر ہائیر سیکنڈری سکول تعمیر کیا جائیگا،اسد قیصر

صوابی کو ماڈل ضلع بنانا ان کا مشن ہے صوابی کے گھر گھر گیس پہنچا کر عوام کا دیرینہ مطالبہ پورا کر کے رہیں گے،سپیکرقومی اسمبلی

اتوار 17 مارچ 2019 19:00

صوابی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مارچ2019ء) سپیکر قومی اسمبلی اور پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اسد قیصر نے رواں مالی سال کے دوران صوابی بائی پاس روڈ کی پانچ کلو میٹر اور آئندہ مالی سال میں باقی چھ کلو میٹر روڈ کی تعمیر کا اعلان کر تے ہوئے واضح کر دیا کہ صوابی کو ماڈل ضلع بنانا ان کا مشن ہے صوابی کے گھر گھر گیس پہنچا کر عوام کا دیرینہ مطالبہ پورا کر کے رہیں گے۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے ضلع کونسل کے رکن جہانزیب خان کے حجرہ میں سابق ناظم نیاز علی خان کی صدارت میں عوامی اجتماع سے خطاب کے دوران کیا۔ جس میں جہانزیب خان نے علاقہ کے مسائل پیش کئے سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ صوابی میں بیس کنال اراضی پر ہائیر سیکنڈری سکول تعمیر کیا جائیگا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یونین کونسل پابینی میں گیس کی فراہمی کے لئے تین کروڑ روپے جمع کر دی گئی ہے انہوں نے کہا کہ صوابی کے پسماندہ اور دور دراز علاقوں کو گیس کی فراہمی کے لئے پائپ لائن بچھانے کا کام شروع ہو چکا ہے اور اپنی دور حکومت میں تمام منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے صوابی بائی پاس روڈ کی تعمیر کو عملی جامہ پہنایا جائیگا پہلے مرحلے میں پانچ کلو میٹر روڈ تعمیر کی جائے گی جب کہ دوسرے مرحلے میں آئندہ مالی سال چھ کلو میٹر روڈ کی تعمیر کا کام شروع کیا جائیگا انہوں نے کہا کہ ملک کی تعمیر و ترقی اور عوام کی صحیح معنوں میں خدمت کرنا انصاف ، امن ، بہتر تعلیم و صحت وزیر اعظم عمران خان کا وژن ہے اور ملک بھر میں ان کے اس مشن پر کامیابی سے کام جاری ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام اور حکومت امن پسند ہے اس لئے بھارت کو ہٹ دھرمی سے امن کی طرف آگے بڑھنا ہو گا دونوں ملکوں کے مابین جنگ کا کوئی فائدہ نہیں بلکہ نقصان کا سبب بنے گا بھارتی وزیر اعظم مودی الیکشن جیتنے کے لئے پاکستان کے خلاف اپنے عوام میں تعصب اور نفرت پھیلا رہے ہیں جو وہاں کے عوام کے لئے نقصان دہ ہے ۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک میں امن ہی سے معاشی حالت بہتر ہو سکتی ہے پاکستان عالمی دنیا کے ساتھ برابری کی بنیاد پر تعلقات کا خواہاں ہیں سعودی عرب ، متحدہ عرب امارات اور دیگر ممالک نے مالی تعاون کا جو ہاتھ بڑھایا ہے اس پر مودی سرکار کو تکلیف پہنچا ہے پاکستان کی کامیاب پالیسی کے سبب عالمی دنیا سے سرمایہ کار پاکستان آکر سرمایہ کاری کر رہے ہیں ۔

صوابی میں شائع ہونے والی مزید خبریں