حکومت سرکاری سکولوں کا معیار بلند کرنے کیلئے کوشاں ہے۔فضل حکیم خان

پیر 23 ستمبر 2019 23:57

سوات۔23ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2019ء) چیئرمین ڈیڈیک سوات فضل حکیم خان یوسفزئی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت سرکاری سکولوں کا معیار بلند کرنے اور تعلیمی سہولیات بہتر بنانے کیلئے خاطر خواہ اقدامات اٹھا رہی ہے انہوں نے اعتراف کیا کہ تعلیمی ترقی کا سارا کریڈٹ اساتذہ کو جاتا ہے تاہم اگر اساتذہ نے محنت اور لگن سے اپنے فرائض انجام نہ دیئے تو اس سے نہ صرف حکومت کے مہیا کردہ وسائل ضائع ہوجائیں گے بلکہ طلبہ اور اساتذہ بھی نقصان عظیم سے دوچار ہونگے ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ ہائی سکول شگئی میں سابق ضلعی کونسلر سہیل سلطان ایڈوکیٹ کے فنڈ سے سکول کے بچوں میں مفت یونیفارم، بیگز، سٹیشنری اور جرسیاں تقسیم کرنے کے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا تقریب میں سکول پرنسپل اور انتظامیہ کے علاوہ سابق ضلعی کونسلر سہیل سلطان ایڈوکیٹ، سابق ناظم حیدرعلی، سابق نائب ناظم انعام اللہ خان، صدر فضل رحمان خان اور پی ٹی ائی کے دیگر کارکنان نے شرکت کی فضل حکیم خان نے کہا کہ طلباء کو چاہئے کہ تعلیم پر خصوصی توجہ دیں تاکہ عملی زندگی میں وہ ملک اور صوبے کی ترقی و استحکام میں اپنا کردار ادا کر سکیں انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی بھرپور کو شش ہے کہ صوبے کے نوجوانوں کو بہتر تعلیم دے تاکہ وہ صوبے اور ملک کا نام روشن کریں انہوں نے مزید کہا کہ حلقہ پی کے 5 ہمارا اپنا گھر ہے اور یہاں کے لوگ انکے خاندان کی طرح ہیں جن کی حفاظت اور دیکھ بھال وہ اپنا فرض سمجھتے ہیں انہوں نے کہا کہ ہمیں انفرادی کاموں کی بجائے اجتماعی کاموں کو ترجیح دینا ہوگی بعد ازاں فضل حکیم خان، سہیل سلطان ایڈوکیٹ اور دیگر نے سکول کے بچوں میں یونیفارم، سٹیشنری، بیگز اور جرسیاں تقسیم کیں۔

سوات میں شائع ہونے والی مزید خبریں