اساتذہ محبوب عالم خان اور سعید احمد انصاری کے اعزاز میں اسٹاف کی جانب شاندار تقریب کا اہتمام

جمعرات 13 اکتوبر 2022 22:58

ٹنڈو آدم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اکتوبر2022ء) سرسید گورنمنٹ ہائی اسکول ٹنڈوآدم کے ریٹائرڈ ہونے والے اساتذہ محبوب عالم خان اور سعید احمد انصاری کے اعزاز میں اسٹاف کی جانب شاندار تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں گسٹا ضلع سانگھڑ کے صدر رستم خان نظامانی، ضلعی جنرل سیکریٹری فضل اللہ عمرانی، تعلقہ ٹنڈوآدم کے صدر گل محمد نظامانی، تعلقہ شہدادپور کے صدر ذوالفقار علی عمرانی اسکول کے ہیڈ ماسٹر رانا محمد یونس، ریٹائرڈ اساتذہ صغیر احمد قریشی اور محمد حسین بروہی نے شرکت کی ۔

اس موقع پر ضلعی صدر گسٹا رستم خان نظامانی،غلام یاسین آرائیں، ابراراحمد، افضال احمد، اشتیاق احمد، عمران غوری، کاشف صدیقی اور دیگر نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم پیغمبرانہ پیشے سے وابستہ ہیں اپنے فرائض کی ادائیگی ہم پر لازم ہے ہم اپنے طلبہ کو بہتر سے بہتر تعلیم کے زیور سے آراستہ کریں تاکہ یہ طلبہ ملک و قوم کا نام روشن کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ریٹائرڈ ہونے والے اساتذہ کے اپنی زندگی کے قیمتی سال اس ادارے کو دیئے اور اپنے فرائض انتہائی ایمانداری کے ساتھ ادا کئے جس کے ہم سب معترف ہیں محنت لگن اور ایمانداری سے اپنی ڈیوٹی کرنیوالے اساتذہ کو ہمیشہ یاد رکھا جاتا ہے ۔ریٹائرڈ ہونے والے اساتذہ محبوب عالم خان اور سعید احمد انصاری نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم نے اپنے فرائض دیانتداری اور خدا خوفی کے ساتھ ادا کئے جس پر آج ہمارا ضمیر مطمئن ہے اور آج اپنے اعزاز میں اس شاندار تقریب کے انعقاد پر سرسید کے تمام اساتذہ اور گسٹا کی قیادت کے تہہ دل سے شکر گذار ہیں قبل ازیں ریٹائرڈ ہونیوالے اساتذہ کو پھولوں کے ہاراور اجرک پہنائی گئی اور تحائف دیئے گئے۔

متعلقہ عنوان :

ٹنڈو آدم میں شائع ہونے والی مزید خبریں