چہلم حضرت امام حسینؑ کے موقع پر حفاظتی انتظامات سخت کئے جائیں گے،ڈی سی تھرپارکر

جمعہ 18 اکتوبر 2019 21:13

تھرپارکر۔مٹھی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2019ء) ماہ محرم الحرام کی طرح چہلم حضرت امام حسین علیہ السلام کے موقع پر بھی حفاظتی انتظامات سخت کئے جائیں گے۔ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر تھرپارکر ڈاکٹر شہزاد طاہر تھیم نے دربار ہال مٹھی میں چہلم حضر ت امام حسین علیہ السلام کے حوالے سے حفاظتی انتظامات کا جائزہ لینے کے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ جس طر ح ماہ محرم الحرام میں حفاظتی انتظامات کے حوالے سے سب نے مل کر کام کیا اسی طرح چہلم حضرت امام حسین علیہ السلام کے موقع پر سب کو مل کر کام کرنے کے ضرورت ہے تاکہ کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ رونما نہ ہو سکے۔ اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے میونسپل کمیٹی اور ٹاؤن افسران کو ہدایت کی کہ جلوسوں کے گذر گاہوں میں صفائی ستھرائی اور پینے کے پانی کی فراہمی، اسٹریٹ لائٹس کو فعال بنانے اور مچھر مار اسپرے کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے محکمہ صحت کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ ماتمی جلوسوں کے گذر گاہوں کے ساتھ ایمنولینس،ڈاکٹر، پیرا میڈیکل اسٹاف، ادویات کی فراہمی اور ہسپتالوں میں بھی ڈاکٹر، پیرا میڈیکل اسٹاف اور ادویات کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے۔انہوں نے حیسکو کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ مجالس اور جلوسوں کے دوران بجلی کی لوڈشیڈنگ نہ کی جائے۔ ڈپٹی کمشنر تھرپارکر نے منتظمین کو ہدایات کی کہ وہ رضاکار مقرر کرکے آنے والے لوگوں کی تلاشی لی جائے اور مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھی جائے۔

ڈپٹی کمشنر تھرپارکرڈاکٹر شہزاد طاہر تھیم نے کہا کہ کسی بھی درپیش مسائل کے فوری حل کے لئے ضلع انتظامیہ کی جانب سے ڈی سی ہاؤس مٹھی میں کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے۔ اجلاس میں اسٹنٹ کمشنر نور الدین ھنگورجو، اسٹنٹ کمشنر مٹھی محمد اسلم سلیم، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر تھرپارکر ڈاکٹر ارشاد احمد میمن، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر گوردھن داس، میڈیکل سپرنٹڈنٹ سول ہسپتال مٹھی ڈاکٹر گل منیر وسطڑو، چیف میونسپل آفیسر مٹھی محمد ملوک خاصخیلی، امام بارگاہوں کے منتظمین اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

تھرپارکر میں شائع ہونے والی مزید خبریں