کمالیہ،کھرل برادری میں اختلافات ختم ،مرتضی خاں کھرل کو سیاسی میدان میں اتارنے کا فیصلہ کر لیا گیا

جمعہ 17 مارچ 2023 21:15

کمالیہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 مارچ2023ء) کھرل برادری میں اختلافات ختم ہو گئے، مرتضی خاں کھرل کو سیاسی میدان میں اتارنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ تفصیل کے مطابق امیدوار صوبائی اسمبلی پی پی 122 مرتضیٰ علی خان کھرل کی رہائش پر ایک اہم سیاسی بیٹھک ہوئی جس میں کیپٹن(ر) سعادت حسنین خان کھرل، حیدر علی خان کھرل، رضا علی خان کھرل، امجد رضا خان کھرل اور محمد علی خان کھرل نے شرکت کی۔

کیپٹن(ر) سعادت حسنین خان کھرل اور حیدر علی خان کھرل کے درمیان دیرینہ سیاسی اختلافات کا خاتمہ کرکے آئندہ مل کر سیاسی جدو جہد کرنے کا عزم کیا گیا۔ علاقہ کی کھرل برادری نے موجودہ الیکشن اور آئندہ الیکشن میں مل کر بھرپور کردار ادا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلہ میں کھرل برادری کے دیگر عمائدین کے ساتھ ملاقاتیں کرکے سیاسی اتحاد کو مزید مضبوط کیا جائیگا۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ دیگر برادریوں کے عمائدین کے ساتھ بھی معاملات کو بہتر بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیپٹن(ر) سعادت حسنین خان کھرل اور حیدر علی خان کھرل نے کہاہے کہ مختلف سیاسی جماعتوں کی جانب سے کھرل برادری کے ساتھ رابطے کیے جارہے ہیں، کیونکہ انہیں ادراک ہے کہ علاقہ میں کھرل برادری کا اہم سیاسی کردار ہے۔ اسی لیے آج کی میٹنگ کا انعقاد کیا گیا ہے اور اپنا کردار ادا کرنے کیلئے اہم فیصلے کیے گئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ مرتضیٰ علی خان کھرل موجودہ سیاسی صورتحال میں تازہ ہوا کا جھونکا ثابت ہونگے۔ مرتضیٰ علی خان کھرل یونین کونسل کے بلا مقابلہ چیئر مین بھی رہ چکے ہیں۔ ان کی سیاسی سمجھ بوجھ اور سیاسی بصیرت علاقہ کی تعمیر و ترقی کیلئے اہم کردار ادا کرے گی۔علاقائی مسائل کا حل اور علاقہ کے عوام کی فلاح و بہبود ان کی اولین ترجیح ہے۔

جس کی وجہ سے علاقہ بھر میں انہیں بھرپور عوامی پذیرائی حاصل ہے۔ مرتضیٰ علی خان کھرل ایک نوجوان، ایماندار اور مخلص سیاسی قائد کی حیثیت سے ابھر کر سامنے آئے ہیں، جو علاقہ بھر کیلئے نہایت خوش آئندہے۔ علاقہ کے نوجوانوں کو ساتھ لے کر چلنے اور تمام برادریوں کے افراد کے ساتھ مضبوط سیاسی روابط قائم رکھنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ کیپٹن(ر) سعادت حسین کھرل اور حیدر علی خان کھرل نے تمام کھرل برادری سمیت دیگر برادریوں کو اعتماد میں لینے کے بعد جلد عوام رابطہ مہم شروع کرنے کا بھی علان کیا ہے۔

ٹوبہ ٹیک سنگھ میں شائع ہونے والی مزید خبریں