ٹوبہ ٹیک سنگھ میں قتل کی لرزہ خیز واردات میں بھائی نے باپ کے سامنے بہن کو قتل کر ڈالا

جمعرات 28 مارچ 2024 21:15

ٹوبہ ٹیک سنگھ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 مارچ2024ء) ٹوبہ ٹیک سنگھ میں قتل کی لرزہ خیز واردات میں بھائی نے باپ کے سامنے بہن کا قتل کر ڈالا، پولیس نے قتل کا مقدمہ درج کر کے بیٹے اور باپ کو گرفتار کرلیا۔تفصیلات کے مطابق تھانہ صدر ٹوبہ کی حدود کے علاقے چک نمبر 477 ج ب آلو وال میں 17 اور 18 مارچ کی شب ماریہ نامی لڑکی کوگلا دبا کر قتل کیا گیا۔

منظرعام پرآنے والی ویڈیو میں رشتہ دار قتل کی ویڈیو بناتا رہا جبکہ باپ اور ایک عورت بھی اس موقع پر موجود تھے جو سکون سے قتل کا منظر دیکھتے رہے۔قتل کے بعد لڑکی کی خاموشی سے تدفین بھی کر دی گئی۔ ملزمان کے خلاف پولیس کی مدعیت میں قتل کا مقدمہ درج کرتے ہوئے باپ اور بیٹے کوگرفتار کرلیاگیا ہے جبکہ مقتولہ کے دوسرے بھائی نے قبرکشائی کی درخواست بھی دے دی۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ 22 سالہ ماریہ کو بھائی اور باپ نے گلہ دبا کر قتل کیا۔اطلاع موصول ہوئی کہ فیصل نامی شخص نے اپنے والد عبد الستار کے ساتھ مل کر بہن کو گلہ دبا کر قتل کردیا۔اطلاع پر احمد رضا ایس آئی تھانہ صدر ٹوبہ موقع پر گئے تو ملزمان فرار ہوگئے جس پر مقدمہ نمبر۔ 229/24 مورخہ 24.3.24 بجرم 302 ت پ 201 ت پ اور 34 ت پ درج کیا گیا۔دل دہلا دینے والی ویڈیو میں ملزم کو بہن کا گلا دباتے دیکھا جا سکتا ہے۔

باپ سمیت گھر والے آرام سے بیٹھے دیکھتے رہے۔ بیٹی کے قتل کے بعد باپ نے ملزم بیٹے کو پانی کا گلاس بھی دیا۔ پولیس نے مقتولہ کی قبر کشائی کر کے لاش سے نمونے حاصل کر لئے ہیں۔ڈی پی او کا کہناتھاکہ واقعہ 17 اور 18 مارچ کی درمیانی رات کا ہے، پولیس کو واقعہ 24 مارچ کو رپورٹ ہوا۔ لاش کا پوسٹ مارٹم کل کروادیا گیا، دو اور بندوں کی گھرمیں موجودگی کے شواہد ملے ہیں، قتل ناجائز تعلقات کوچھپانے کیلئے کیاگیا اور ویڈیو لڑکی کو قتل کرنے کے بعد بنائی گئی۔ مزید قانونی کارروائی کے لیے مقدمے کی تفتیش میرٹ پر کی جارہی ہے۔ ایس آئی نے یقین دہانی کرائی کہ سفاک مجرمان کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :

ٹوبہ ٹیک سنگھ میں شائع ہونے والی مزید خبریں