جی ٹی روڈ پر رکشوں کی دوڑ میں حصہ لینے والا رکشا ڈرائیور ٹرک سے ٹکرا کر جاں بحق

ہفتہ 29 مئی 2021 23:56

وزیرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مئی2021ء) جی ٹی روڈ پر دھونکل موڑ کے قریب رکشوں کی دوڑ میں حصہ لینے والا رکشا ڈرائیور ٹرک سے ٹکرا کر جاں بحق۔ایک ماہ کے دوران دوسرا رکشا ڈرائیور حادثہ کا شکار ہوا۔رکشا دوڑ میں حصہ لینے والے دربار بابا پیر شاہ سے بھنگ کے گلاس پی کر ریس کے لئے نکلتے ہیں۔رکشا ریس دربار بابا پیر شاہ سے پل دریائے چناب تک آدھی رات کے وقت ہو تی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ہر جمعرات کو رکشا ڈرائیوروں کی بڑی تعداد بابا پیرشاہ کے دربار پر جمع ہوتی ہے جہاں سے وہ رکشا ریس میں حصہ لیتے ہیں جو دربار سے شروع ہو کر جی ٹی روڈ سے ہوتی ہوئی دریائے چناب کے پل کے قریب اختتام پذیر ہوتی ہے۔ تمام رکشا ڈرائیور مذکورہ دربار سے بھنگ کے چار چار گلاس پی کر ریس کے لئے روانہ ہو تے ہیںاور لنگیانوالی موڑ سے جی ٹی روڈ پر آتے ہیں۔

(جاری ہے)

گذشتہ رات بھی رکشا ڈرائیور حسب سابق ریس میں شامل ہوئے ۔ ایک رکشا ڈرائیور 17سالہ مسمی محمد حسنین ساکن گجرات تیز رفتاری سے ٹرک سے ٹکرا کر شدید زخمی ہو گیااور بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ ایک ماہ کے دوران یہ دوسرا واقعہ ہے جس میں رکشا ڈرائیور جان کی بازی ہارگیا۔ یاد رہے کہ عرصہ سے رکشا ریس کا سلسلہ جاری ہے اور رکشا الٹنے کے واقعات عام ہیںجن میں رکشا ڈرائیور زخمی ہوتے رہتے ہیں اور کبھی کبھی ہلاک بھی ہو جاتے ہیں۔عوامی سماجی حلقوں نے ایس ایس پی گوجرانوالا سے مطالبہ کیا ہے کہ رکشا ریس کو ختم کیا جائے اور دربار بابا پیر شاہ پرخصوصی نظر رکھی جائے تاکہ جانوں کے ضیاع کا سلسلہ رک سکے۔

وزیر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں