حکومت طلباء کو بہتر تعلیمی ماحول فراہم کرنے کی بجائے اقتدار کے نشے میں ان پر تشدد کررہی ہے ،سمیع اللہ مندوخیل

طلبہ پر تشدد تعلیمی ماحول کو خراب کرنے کے مترادف ہے ، تشدد کرنیوالے اہلکاروں کیخلاف کارروائی کی جائے ، صدراتحاد نوجوانان پاکستان ضلع ژوب

جمعرات 9 ستمبر 2021 23:47

ژوب (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 ستمبر2021ء) اتحاد نوجوانان پاکستان ضلع ژوب کے صدر سمیع اللہ مندوخیل نے کوئٹہ میں میڈیکل سٹوڈنٹس پر پولیس کی جانب سے تشدد کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت طلباء کو بہتر تعلیمی ماحول فراہم کرنے کی بجائے اقتدار کے نشے میں ان پر تشدد کررہی ہے جوتعلیمی ماحول کو خراب کرنے کے مترادف ہے حکومت نے اگر طلباء کے مطالبات پر عملدرآمد کو یقینی بناتے ہوئے تشدد کرنے والے اہلکاروں کے خلاف کارروائی نہ کی تو اتحاد نوجوانان پاکستان طلباء کے ساتھ مل کر بھرپور احتجاج کریگی ان خیالات کااظہار انہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں کیا انہوں نے کہا کہ تعلیمی میدان میں اصلاحات اور بہتری کی دعوے دار حکومت بلوچستان طلباء پر تشدد لاٹھی چارج اور گرفتاریوں کے اقدامات کرکے اپنے اصل مقاصد واضح کررہی ہے طلباء کی جانب سے جائز مطالبات کیلئے پرامن احتجاج جاری تھا مگر افسوس کہ حکومت اپنی ہٹ دھرم پالیسی پر عمل پیرا رہتے ہوئے پولیس کے ذریعے ان پر چڑھ دوڑھی طلباء کو اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج کرنے کی پاداش میں جس طرح تشدد کا نشانہ بنایا اور انہیں گرفتار کیا ایسے اقدامات کسی بھی جمہوری دور اقتدار میں حکومت کو زیب نہیں دیتے انہوں نے کہا کہ طلباء کسی بھی معاشرے میں اہمیت کے حامل ہوتے ہیں کیونکہ ملکوں کے مستقبل ان کے ہاتھوں میں سونپا جاتا ہے مگر افسوس کہ بلوچستان میں جن ہاتھوں میں ملک کا مستقبل ہونا چاہیے ان ہاتھوں میں ہتھکڑیاں لگائی گئی ان پر بہیمانہ تشدد کیا گیا جو قابل مذمت اور ناقابل قبول عمل ہے انہوں نے کہا کہ ہم طلباء کے اس احتجاج میں ان کی مکمل حمایت کرتے ہیں حکومت طلباء کے مطالبات پر عملدرآمد کو یقینی بنائے اور ملوث اہلکاروں کے کارروائی عمل میں لائے بصورت دیگر اتحاد نوجوانان پاکستان طلبائ کے ساتھ مل کر احتجاج کا راستہ اختیار کریگی اور بعدازاں پیدا ہونے والی صورتحال کی تمام تر ذمہ داری صوبائی حکومت پر عائد ہوگی۔

ژوب میں شائع ہونے والی مزید خبریں