پی سی بی کے اینٹی کرپشن ٹربیونل میں خالد لطیف اور شرجیل خان کے کیس کی سماعت

شاہ زیب حسن کی عارضی معطلی کے خاتمہ کی درخواست ڈسپلنری کمیٹی کے سامنے پیش

جمعرات 25 مئی 2017 23:16

پی سی بی کے اینٹی کرپشن ٹربیونل میں خالد لطیف اور شرجیل خان کے کیس کی سماعت
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مئی2017ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کے اینٹی کرپشن ٹربیونل نے جمعرات کے روز نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں خالد لطیف اور شرجیل خان کے کیس کی سماعت کی جبکہ شاہ زیب حسن کی طرف سے عارضی معطلی کوختم کرنے کی درخواست پی سی بی ڈسپلنری کمیٹی کے سامنے پیش کی گئی ۔ پی سی بی کے مشیر تفضل رضوی کے مطابق شرجیل خان کی طرف سے سابق ٹیسٹ کرکٹر صادق محمد پیش ہوئے اور انہوں نے چار ڈاٹ بالز کے بارے میں شرجیل خان کے حق میں گواہی دی ۔

تاہم صادق محمد کا کہنا تھا کہ وہ نئی کرکٹ کے بارے میں اتنا آگاہ نہیں ہیں اور اس کے علاوہ وہ شرجیل خان کے سٹرائک ریٹ کے بارے میں بھی صحیح جواب نہ دے سکے ۔وکٹ کے بارے میں بھی ان کا علم زیادہ نہیں تھا ۔خالد لطیف کے کیس کی سماعت کے دوران ٹربیونل نے انہیں نوٹس بھجوایا کہ وہ ٹربیونل کی سماعت میں شریک ہونا چاہتے ہیں یا نہیں واضح طور پر جواب دیں ۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ خالد لطیف نے ٹربیونل کو درخواست کی تھی کہ ان کے کیس کی سماعت 29مئی کو کی جائے ۔علاوہ ازیں شاہ زیب حسن نے پی سی بی ڈسپلنری کمیٹی کو درخواست کی کہ ان کی عبوری معطلی ختم کی جائے جس پر پی سی بی کے قانونی مشیر تفضل رضوی کی طرف سے ان کی درخواست کا جواب دیدیا گیا تاہم شاہ زیب حسن کے وکیل نے بیرون ملک اپنی مصروفیات کی وجہ سے کیس کو جولائی تک ملتوی کرنے کی درخواست کی جو کہ منظور کرلی گئی ۔
وقت اشاعت : 25/05/2017 - 23:16:13

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :