میسی کو جیل کی سزا ختم، اضافی جرمانہ عائد

عدالت نے فٹبالر کی ٹیکس فراڈ کیخلاف اپیل کو مسترد کرتے ہوئے 21ماہ جیل اور 2.25ملین ڈالر جرمانے کی سزا سنائی تھی میسی کو سابقہ جرمانے کے ساتھ اضافی دولاکھ 52ہزار یوروز اور ان کے والد کو ایک لاکھ 80ہزار یوروز جرمانہ ادا کرنا ہو گا

ہفتہ 8 جولائی 2017 13:25

میسی کو جیل کی سزا ختم، اضافی جرمانہ عائد
میڈرڈ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جولائی2017ء) اسپین کی عدالت نے ٹیکس فراڈ کے مقدمے میں عالمی شہرت یافتہ فٹبالر لیونل میسی اور ان کے والد کو دی گئی سزا کا خاتمہ کرتے ہوئے اضافی جرمانہ عائد کردیا ہے۔لیونل میسی اور ان کے والد پر الزام ہے کہ انہوں نے بیلز، برطانیہ، سوئٹزرلینڈ اور یوراگوئے میں موجود کمپنیوں کا استعمال کرتے ہوئے 2007 سے 2009 تک میسی کی تصاویر کے حقوق سے حاصل ہونے والی 4.16ملین یوروز کی کمائی کا ٹیکس بچایا اور اسی جرم میں 2016 میں ان پر فرد جرم عائد کی گئی تھی۔

(جاری ہے)

اسپین کی عدالت نے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کی ٹیکس فراڈ کے خلاف اپیل کو مسترد کرتے ہوئے 21ماہ جیل اور 2.25ملین ڈالر جرمانے کی سزا سنائی تھی۔دونوں نے سپریم کورٹ میں اپیل کی تھی جس کے بعد میسی کے والد کی سز 15ماہ تک محدود کردی گئی تھی جبکہ فٹبالر کی سزا کو برقرار رکھا گیا تھا البتہ بارسلونا کی عدالت نے جمعے کو دونوں کی سزا کی مدت ختم کرتے ہوئے جرمانے کی سزا سنائی ہے۔اب لیونل میسی کو سابقہ جرمانے کے ساتھ اضافی دولاکھ 52ہزار یوروز اور ان کے والد کو ایک لاکھ 80ہزار یوروز جرمانہ ادا کرنا ہو گا۔
وقت اشاعت : 08/07/2017 - 13:25:07

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :