پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن کیلیے فرنچائزز کی جانب سے کھلاڑیوں کا جوڑ توڑ جاری

کراچی کنگز نے سہیل خان کے بدلے میں محمد رضوان کو حاصل کر لیا، پیسر اب لاہور قلندرز کی نمائندگی کریں گے کوچ مکی آرتھر سے مبینہ طور پر اختلافات اور ان کے خراب رویے کے سبب سہیل خان نے کراچی کنگز کی جانب سے کھیلنے سے انکار کردیا تھا لاہور قلندرز نے اظہرعلی، گرانٹ ایلیٹ، کرس گرین اور سہیل تنویر کو ٹیم سے ریلیز کردیا اسلام آباد یونائیٹڈ نے انگلینڈ کے سیم بلنگز اور آسٹریلین شین واٹسن کو ریلیز کر دیا ،پشاور زلمی کی جانب سے فی الحال بنگلہ دیشی اوپنر تمیم اقبال کو ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا

جمعرات 5 اکتوبر 2017 23:33

پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن کیلیے فرنچائزز کی جانب سے کھلاڑیوں کا جوڑ توڑ جاری
کراچی ، لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 اکتوبر2017ء) پاکستان سپر لیگ میں ٹیموں کے درمیان ٹریڈ کا آج آخری روز ہے اور تمام ٹیموں کے درمیان کھلاڑیوں کے تبادلے اور انہیں ریلیز کرنے کا سلسلہ زور و شور سے جاری ہے۔چند دن قبل لیگ کی چیمپیئن پشاور زلمی کے سابق کپتان شاہد آفریدی ٹریڈ کے بعد کراچی کنگز کا حصہ بن گئے تھے۔جمعرات کو ٹریڈ کے آخری دن میں کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کے درمیان سہیل خان اور محمد رضوان کے تبادلے پر اتفاق ہوگیا ہے۔

ذرائع کے مطابق کوچ مکی آرتھر سے مبینہ طور پر اختلافات اور ان کے خراب رویے کے سبب سہیل خان نے کراچی کنگز کی جانب سے کھیلنے سے انکار کردیا تھا۔ادھر پی ایس ایل ڈرافٹ سے قبل لاہور قلندرز نے اظہرعلی، گرانٹ ایلیٹ، کرس گرین اور سہیل تنویر کو ٹیم سے ریلیز کردیا جبکہ ڈرافٹ کے ضابطوں اور مکمل سیزن کیلئے عدم دستیابی پر لاہور قلندرز نے انگلینڈ کے جیسن رائے کو بھی ریلیز کردیا ہے۔

(جاری ہے)

عمر اکمل کو لاہور کی جانب سے ریلیز کرنے کی خبریں بے بنیاد ثابت ہوئیں اور انہیں اسکواڈ کا حصہ برقرار رکھا گیا ہے جبکہ کپتان برینڈن میک کولم کو بھی ریلیز نہیں کیا گیا۔کراچی کنگز نے اہم قدم اٹھاتے ہوئے ویسٹ انڈیز کے کیرون پولارڈ اور کرس گیل کے ساتھ ساتھ شعیب ملک اور کمار سنگاکارا کو اسکواڈ سے ریلیز کردیا ہے۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم نے کوئی کھلاڑی ٹیم کیساتھ ٹریڈ نہیں کیا لیکن دونوں ایونٹ کا فائنل کھیلنے والی ٹیم نے احمد شہزاد، عمرگل اور لیوک رائٹ کو ٹیم سے ریلیز کیا ہے جبکہ سرفراز احم، رلی روسو اور کیون پیٹرسن کو برقرار رکھا گیا ہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے انگلینڈ کے سیم بلنگز اور آسٹریلین شین واٹسن کو ریلیز کر دیا ہے۔ڈوپنگ پابندی کا شکار اسلام آباد کے آندرے رسل گزشتہ ایڈیشن میں شرکت نہیں کر سکے تھے لیکن پی ایس ایل تھری میں وہ ایکشن میں نظر آئینگے۔پشاور زلمی کی جانب سے فی الحال بنگلہ دیشی اوپنر تمیم اقبال کو ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔۔
وقت اشاعت : 05/10/2017 - 23:33:40

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :