شرما اور دھون کی جارحانہ بیٹنگ، بھارت نے نیوزی لینڈ کو پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں53 رنز سے ہرا دیا، کیویز کا بھارت کے خلاف ناقابل شکست رہنے کا ریکارڈ بھی ٹوٹ گیا، کیوی ٹیم 202 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 8 وکٹوں پر 149 رنز بنا سکی، شرما اور دھون 80، 80 رنز بنا کر نمایاں، 6 کیوی کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکے

بدھ 1 نومبر 2017 22:15

شرما اور دھون کی جارحانہ بیٹنگ، بھارت نے نیوزی لینڈ کو پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں53 رنز سے ہرا دیا، کیویز کا بھارت کے خلاف ناقابل شکست رہنے کا ریکارڈ بھی ٹوٹ گیا، کیوی ٹیم 202 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 8 وکٹوں پر 149 رنز بنا سکی، شرما اور دھون 80، 80 رنز بنا کر نمایاں، 6 کیوی کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکے
نئی دہلی ۔ یکم نومبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 نومبر2017ء) روہت شرما اور شیکھر دھون کی جارحانہ بلے بازی کے بعد بائولرز کی نپی تلی بائولنگ کی بدولت بھارت نے نیوزی لینڈ کو پہلے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں با آسانی 53 رنز سے ہرا کر تین میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی، یہ بھارت کی ٹی ٹونٹی کرکٹ میں کیویز کے خلاف پہلی کامیابی ہے، کیویز ٹیم 202 رنز کے ہدف کے تعاقب میں مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں پر 149 رنز بنا سکی، کیویز کا کوئی بھی کھلاڑی بھارتی بائولرز کے سامنے خاطرخواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکا، ٹام لیتھم 39 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ 6 کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکے، شرما اور دھون نے 80، 80 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔

(جاری ہے)

بدھ کو فیروز شاہ کوٹلہ سٹیڈیم، دہلی میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں نیوزی لینڈ ٹیم کے کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے میزبان ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی، ولیمسن یہ فیصلہ کیوی ٹیم کیلئے مہنگا ثابت ہوا، بھارت نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 202 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا، شرما اور دھون نے انتہائی شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف بائولرز کی خوب دھنائی کی اور اوپننگ شراکت میں 158 رنز کا بنا کر ٹیم کو جاندار آغاز فراہم کیا، 158 کے سکور پر دھون ایش سودی کی گیند پر لیتھم کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوئے، سودی نے اپنی اگلی گیند پر ہرڈک پانڈیا کو بھی نشانہ بنایا، وہ کھاتہ کھولے بغیر پویلین لوٹے، 185 کے سکور پر شرما 80 رنز بنا کر بولٹ کی گیند پر لیتھم کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوئے، کپتان ویرات کوہلی 26 اور دھونی 7 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے، ایش سودی نے 2 اور بولٹ نے ایک وکٹ لی، جواب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں پر 149 رنز تک محدود رہی، بھارتی بائولرز نے عمدہ لائن و لینتھ کے ساتھ بائولنگ کرتے ہوئے کیویز بلے بازوں کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہ دیا، ٹام لیتھم 39 اور کپتان ولیمسن 28 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ 6 کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکے، مارٹن گپٹل 4، کولن منرو 7، ٹام بروس 9، کولن ڈی گرینڈہوم صفر، ہنری نیکولز 6، ٹم سائوتھی 8 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، مچل سینٹنر 27 اور ایش سودی 7 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، چاہل اور پٹیل نے دو، دو جبکہ کمار، بمرا اور پانڈیا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

وقت اشاعت : 01/11/2017 - 22:15:21

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :