افغانستان نے پاکستان کو 185 رنز سے شکست دے کر انڈر 19 ایشیا کپ جیت لیا

اتوار 19 نومبر 2017 13:30

افغانستان نے پاکستان کو 185 رنز سے شکست دے کر انڈر 19 ایشیا کپ جیت لیا
کوالالمپور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 نومبر2017ء) افغانستان نے پاکستان کو 185 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے کر انڈر 19 ایشیا کپ جیت لیا۔ پاکستان یوتھ 249 رنز کے تعاقب میں 63 پر ڈھیر ہوگئی، 9 بلے باز دوہرا ہندسہ عبور کرنے میں ناکام رہے۔ اکرام فیضی نے ناقابل شکست 107 رنز اور مجیب زدران نے 5 وکٹیں لے کر افغانستان کو ٹائٹل جتوانے میں اہم کردار ادا کیا، دونوں کو بالترتیب میچ اور ٹورنامنٹ کا بہترین پلیئر قرار دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز کوالالمپور میں کھیلے گئے اے سی سی انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان کے کپتان حسن خان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو غلط ثابت ہوا۔ افغان یوتھ نے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 248 رنز بنائے۔

(جاری ہے)

وکٹ کیپر بیٹسمین اکرام فیضی نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور ناقابل شکست 107 رنز بنائے۔ دیگر بلے بازوں میں رحمان گل 40 اور ابراہیم زدران 36 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

محمد موسیٰ نے تین اور شاہین شاہ آفریدی نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ پاکستان انڈر 19 مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 22.1 اوورز میں 63 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی۔ محمد طحہٰ 19 اور حسن خان 10 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ ان کے علاوہ کوئی بھی بلے باز دوہرا ہندسہ عبور نہ کر سکا۔ مجیب زدران نے تباہ کن بائولنگ کی اور 13 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ قیس احمد نے تین اور وفادار نے ایک وکٹ حاصل کی۔
وقت اشاعت : 19/11/2017 - 13:30:09

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :