پاکستان انڈر 19 ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں پہنچ گیا

جنوبی افریقہ کو کوارٹر فائنل میں 3 وکٹوں سے شکست

بدھ 24 جنوری 2018 11:50

کرائسٹ چرچ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جنوری2018ء) علی زریاب آصف کی شاندار بیٹنگ کی بدولت پاکستان کی ٹیم آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنل میں جنوبی افریقہ کو 3 وکٹوں سے شکست دیکر سیمی فائنل میں پہنچ گئی۔ پاکستان ٹیم نے کوارٹر فائنل میں چوکرز کو 3 وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

علی زریاب آصف نے ناقابل شکست 74 رنز بنائے، ان کو شاندار کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ پروٹیز کی طرف سے ملنے والا 190 رنز کا ہدف پاکستان ٹیم نے 47.5 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ بدھ کو ہیگلے اوول گراؤنڈ پر کھیلے گئے کوارٹر فائنل میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستانی بائولرز کی عمدہ بائولنگ کی بدولت پروٹیز ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 189 رنز بنا کر پاکستان کی ٹیم کو میچ میں کامیابی کے لئے 190 رنز کا ہدف دیا۔

(جاری ہے)

جنوبی افریقہ کی طرف سے وانڈیلے میک ویٹو نے 60 رنز بنائے جبکہ نائیمنڈ 36 رنز بناکر نمایاں بلے باز رہے۔ پاکستان کی طرف سے شاندار بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے محمد موسیٰ نے 3، شاہین آفریدی نے 2 جبکہ ارشد اقبال اور حسن خان نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ جواب میں پاکستان ٹیم نے علی زریاب آصف کی شاندار اور ناقابل شکست 74 رنز کی بدولت مطلوبہ ہدف 47.5 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرکے پروٹیز کو کوارٹر فائنل میں 3 وکٹوں سے شکست دیکر ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔

پروٹیز کی طرف سے نائیمنڈ دو وکٹوں کے ساتھ نمایاں رہے۔ علی زریاب آصف نے ناقابل شکست 74 رنز بناکر اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا اس عمدہ کارکردگی پر ان کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ واضح رہے کہ پاکستانی ٹیم سیمی فائنل میچ 30 جنوری کو کرائسٹ چرچ میں کھیلے گی۔
وقت اشاعت : 24/01/2018 - 11:50:47

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :