تازہ ترین ٹینس رینکنگ، رافیل نڈال مینز اور سیمونا ہالپ ویمنز سنگلز میں بدستور پہلے نمبر پر براجمان، ومبلڈن اوپن مینز چیمپئن جوکووچ 11 اور ومبلڈن اوپن ویمنز چیمپئن اینجلیق کربر 6 درجے ترقی کے ساتھ دوبارہ ٹاپ ٹین میں شامل، کیون اینڈرسن کیریئر بہترین پانچویں نمبر پر آ گئے

پیر 16 جولائی 2018 16:30

پیرس ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جولائی2018ء) انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن (آئی ٹی ایف) کی تازہ ترین رینکنگ میں رافیل نڈال مینز اور سیمونا ہالپ ویمنز سنگلز میں بدستور پہلے نمبر پر براجمان ہیں، ومبلڈن اوپن مینز چیمپئن نوویک جوکووچ 11 اور ومبلڈن اوپن ویمنز چیمپئن اینجلیق کربر 6 درجے ترقی پا کر دوبارہ ٹاپ ٹین میں شامل ہو گئیں، ومبلڈن اوپن مینز سنگلز رنر اپ کیون اینڈرسن 3 درجے اوپر چڑھ کر کیریئر بہترین پانچویں نمبر پر آ گئے، سرینا ولیمز 153 درجے لمبی چھلانگ لگا کر 28ویں نمبر پر آ گئیں، بربورا سٹرائیکووا 3 سیڑھیاں چڑھ کر ٹاپ ٹونٹی میں شامل ہو گئیں۔

(جاری ہے)

آئی ٹی ایف نے ومبلڈن اوپن ختم ہونے کے بعد تازہ ترین ڈبلیو ٹی اے اور اے ٹی پی رینکنگ جاری کر دی جس کے تحت مینز سنگلز میں ہسپانوی سٹار رافیل نڈال سرفہرست ہیں، راجر فیڈرر دوسرے، الیگزینڈر زیوریف تیسرے اور جان مارٹن ڈیل پوٹرو چوتھے نمبر پر موجود ہیں، جنوبی افریقہ کے کیون اینڈرسن جو کہ ومبلڈن اوپن میں رنر اپ رہے تھے، 3 درجے بہتری کے ساتھ کیریئر بہترین پانچویں نمبر پر آ گئے، جان اسنر 2 درجے ترقی کے ساتھ آٹھویں نمبر پر آ گئے، سربین کھلاڑی نوویک جوکووچ 11 درجے ترقی پا کر دوبارہ ٹاپ ٹین میں داخل ہو گئے، انہوں نے دسویں پوزیشن سنبھال لی، ڈیوڈ گوفن دو درجے تنزلی کے بعد ٹاپ ٹین سے باہر ہو گئے، جاپان کے کائی نیشکوری 8 سیڑھیاں چڑھ کر ٹاپ ٹونٹی میں شامل ہو گئیں، دوسری جانب ویمنز سنگلز میں رومانوی کھلاڑی سیمونا ہالپ بدستور پہلے نمبر پر برقرار ہیں، کیرولین وزنائیکی دوسرے اور سیلونی سٹیفنز تیسرے نمبر پر موجود ہیں، جرمن کھلاڑی اینجلیق کربر 6 درجے ترقی پا کر چوتھے نمبر پر آ گئیں، گربین مگروزا کی 4 درجے تنزلی ہوئی ہے، وہ ساتویں نمبر پر چلی گئیں، جولیا جارجز بھی تین سیڑھیاں چڑھ کر ٹاپ ٹین میں شامل ہو گئیں، وینس ولیمز 5 درجے تنزلی کے بعد ٹاپ ٹین سے باہر ہو گئیں، کیکی برٹنز اور بربورا سٹرائیکووا تین، تین درجے بہتری کے ساتھ ٹاپ ٹونٹی میں شامل ہو گئیں۔

وقت اشاعت : 16/07/2018 - 16:30:12

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :