چوتھا ٹیسٹ، انگلینڈ نے بھارت کیخلاف دوسری اننگز میں 8 وکٹوں پر 260 رنز بنا کر مجموعی طور پر 233 رنز کی برتری حاصل کر لی

جوز بٹلر نے 69 رنز کی اننگز

اتوار 2 ستمبر 2018 00:00

چوتھا ٹیسٹ، انگلینڈ نے بھارت کیخلاف دوسری اننگز میں 8 وکٹوں پر 260 رنز بنا کر مجموعی طور پر 233 رنز کی برتری حاصل کر لی
سائوتھمنٹن۔ یکم ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 ستمبر2018ء) انگلینڈ نے بھارت کے خلاف چوتھے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز کھیل کے اختتام تک اپنی دوسری اننگز میں 8 وکٹوں پر 260 رنز بنا لئے تھے اور اسے مجموعی طور پر 233 رنز کی برتری حاصل ہو گئی ہے، پہلی اننگز کی طرح دوسری اننگز میں بھی انگلش بلے باز متاثر کن کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکے، جوز بٹلر نے مشکل وقت میں 69 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر ٹیم کو مکمل تباہی سے بچایا، ثام کیورن پہلی اننگز کے بعد دوسری اننگز میں بھی بھارتی بائولرز کے سامنے ڈٹ گئے اور 37 رنز بنا کر ناقابل شکست ہیں، محمد شامی نے 3 وکٹیں لیں۔

(جاری ہے)

ہفتے کو سائوتھمٹن ٹیسٹ کے تیسرے روز انگلش ٹیم نے 6 رنز بغیر کسی وکٹ کے نقصان پر دوسری ادھوری اننگز دوبارہ شروع کی تو ایلسٹرکک 2 اور کیٹن جیننگز 4 رنز پر کھیل رہے تھے، انگلش ٹیم ایک مرتبہ پھر بڑی اوپننگ شراکت قائم کرنے میں ناکام رہی اور 24 کے سکور پر کک 12 رنز بنانے کے بعد بمرا کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوئے، معین علی بیٹنگ کا جادو نہ چلا سکے اور 9 رنز بنا کر ایشانت شرما کی گیند کا شکار بنے، اس موقع پر کپتان جوروٹ اور کیٹن جیننگز نے مل کر ٹیم کو سہارا دینے کی کوشش کی لیکن 92 کے سکور پر شامی نے جیننگز کو آئوٹ کر کے اہم پارٹنرشپ توڑ دی، جیننگز نے 36 رنز بنائے، شامی نے اگلی گیند پر جونی بیئرسٹو کو آئوٹ کر کے ٹیم کو بڑی کامیابی دلائی، وہ بغیر کوئی رن بنائے چلتے بنے، 122 کے سکور پر انگلش ٹیم کو اس وقت بڑا دھچکا لگا جب جوروٹ 48 رنز بنانے کے بعد رن آئوٹ ہو گئے، اس موقع پر جوز بٹلر اور بین سٹوکس نے بڑی شراکت قائم کرنے کی کوشش کی لیکن خاطرخواہ کامیاب نہ ہو سکے، 178 کے سکور پر ایشون نے سٹوکس کو آئوٹ کر کے ٹیم کو چھٹی کامیابی دلائی، سٹوکس 30 رنز بنا سکے، 233 کے سکور پر انگلینڈ کا جوز بٹلر کا نقصان اٹھانا پڑا جو 69 رنز بنا کر شرما کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے، عادل راشد 11 رنز بنا کر شامی کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوئے، اسطرح تیسرے روز جب کھیل ختم ہوا تو انگلینڈ نے 8 وکٹوں پر 260 رنز بنا کر مجموعی طور پر 233 رنز کی برتری حاصل کر لی تھی، ثام کیورن 37 رنز کے ساتھ ڈٹے ہوئے ہیں، شامی نے 3، شرما نے 2 اور بمرا نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔

وقت اشاعت : 02/09/2018 - 00:00:45

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :