نوید عالم کی برطرفی کے بعد اپنے دفتر میں کام کرنے کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہے ،ترجمان پی ایچ ایف

ہاکی فیڈریشن کے ایگزیکٹو بورڈ اور پی ایچ ایف کانگریس کا منتخب نمائندہ اورہاکی فیڈریشن کی ڈسپلنری کمیٹی کا بھی سربراہ ہوں،نوید عالم

جمعرات 13 ستمبر 2018 22:58

نوید عالم کی برطرفی کے بعد اپنے دفتر میں کام کرنے کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہے ،ترجمان پی ایچ ایف
لاہور۔13 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 ستمبر2018ء) پی ایچ ایف کی طرف سے ڈائریکٹر گیم ڈویلپمنٹ کے عہدے سے برطرف کئے جانے کے باوجود نوید عالم نے جمعرات کے روز پی ایچ ایف ہیڈ کوارٹر لاہور میں قائم اپنے دفتر میں اپنا کام معمول کے مطابق جاری رکھا، نوید عالم کو گزشتہ رات پی ایچ ایف نے ڈائریکٹر گیم ڈویلپمنٹ کے عہدے سے ہٹا دیا تھا،انہوں نے ایشین گیمز میں قومی ٹیم کی شکست پر پی ایچ ایف پر تنقید کی تھی ،دوسری طرف نیشنل ہاکی سٹیڈیم لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نوید عالم کا کہنا تھا کہ میں ہاکی فیڈریشن کے ایگزیکٹو بورڈ اور پی ایچ ایف کانگریس کا منتخب نمائندہ اورہاکی فیڈریشن کی ڈسپلنری کمیٹی کا بھی سربراہ ہوں،سیکرٹری شہباز سینئر کیخلاف انکوائریز چل رہی ہیں،انہوں نے کہاکہ انہیں پی ایچ ایف کی طرف سے برطرفی کا کوئی آرڈر نہیں ملا ،جب ملا تو اس کے مطابق قدم اٹھائوں گا،پی ایچ ایف کے ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ نوید عالم نے کہا ہے کہ قومی ہاکی ادارے کو بچانے کیلئے پریس کانفرنس کی تھی، بطور سابق اولمپیئن میں نے ذمہ داری نبھائی، میں نے 100 دن کے پلان پر عملدرآمد کی بات کی تھی،شہباز سینئر کسی کلب کے ممبر نہیں تھے، پھر بھی سیکرٹری بنائے گئے، ایک وقت پر ایک جاب ہوسکتی ہے، شہباز سینئر پی آئی اے اور پی ایچ ایف دونوں میںبیک وقت کیسے نوکری کر سکتے ہیں، نوید عالم نے کہا کہ ہراسمنٹ کے کیس میں پی ایچ ایف کے سیکرٹری شہباز سینئر کے خلاف انکوائری مکمل ہوچکی ہے، شہباز سینئر اب پی ایچ ایف کے سیکرٹری نہیں رہے، ان کے خلاف انکوائریز مکمل ہیں،شہباز سینئر کسی بھی انکوائری سے کلیئر ہو جائے میں سزا کا حقدار ہوں، انہوں نے کہا کہ ملکی کھیل ہاکی کو بچانے کیلئے پی ایچ ایف ہاؤس کی میٹنگ کال کی جائے ، دوسری طرف پی ایچ ایف کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق ڈائریکٹر ڈومیسٹک ڈویلپمنٹ اولمپیئن نوید عالم کو عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے، ان کی برطرفی کی وجوہات میں پاکستان ہاکی فیڈریشن کے قواعد و ضوابط کی سنگین خلاف ورزیاں شامل ہیں،سابق ورلڈ چیمپیئن اولمپیئن نوید عالم کے خلاف ملک بھر سے مبینہ طور پر مختلف ڈسٹرکٹس کی شکایات موصول ہوئی تھیں جس پر پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ایکشن لیتے ہوئے ان کو عہدے سے برطرف کردیا جبکہ ان کے خلاف ایک انکوائری کمیٹی بھی بنادی گئی ہے جو کہ شکایات کا جائزہ لے کر 10 یوم کے اندر صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن بریگیڈیئر(ر) خالد سجاد کھوکھر کو رپورٹ پیش کرے گی،دریں اثناء پی ایچ ایف کے ترجمان راجہ محسن نے بتایا کہ نوید عالم پی ایچ ایف کے عہدے سے فارغ ہوچکے ہیں اور اس کے بعد ان کی طرف سے اپنے دفتر میں کام کرنے کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہے ۔

وقت اشاعت : 13/09/2018 - 22:58:24

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :