ایشیاءکپ: پاکستا ن نے ہانگ کانگ کو شکست دیدی

ٹورنامنٹ15سے28ستمبر تک متحدہ عرب امارات میں کھیلا جائیگا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 16 ستمبر 2018 21:57

ایشیاءکپ: پاکستا ن نے ہانگ کانگ کو شکست دیدی
دبئی(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 ستمبر2018ئ) ایشیاءکپ ٹورنامنٹ کے دوسرے میچ میں پاکستان نے ہانگ کانگ کو 8وکٹوں سے شکست دے دی ۔ دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں ہانگ کانگ کے کپتان انوشمان رتھ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ہانگ کانگ کی ٹیم نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو نزاکت خان اور انشومان رتھ میدان میں آئے جبکہ پاکستان کی جانب سے پہلا اوور محمد عامر نے پھینکا، پانچویں اوور میں رن لینے کی کوشش کے دوران شاداب خان نے زبردست فیلڈنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے نزاکت خان کو رن آﺅ ٹ کیاجو 17 کے مجموعی جبکہ 13 کے انفرادی سکور پر پویلین لوٹے۔

فہیم اشرف نے 19رنز بنانے والے کپتان انشومن رتھ کو سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ کروایا، کرسٹوفر کارٹر2رنز بنا کر حسن علی کی گیند پر امام الحق کو کیچ تھما کر پوویلین لوٹے جب کہ شاداب خان نے باﺅلنگ سپیل کی پہلی بال پر 7رنز بنانے والے بابر حیات کو سرفراز احمد کے ہاتھوں سٹمپ آﺅٹ کروایا ، احسان خان بغیر کوئی رن بنائے شاداب کی گگلی پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے ، کنچت شاہ اور اعزاز خان نے چھٹی وکٹ کیلئے 53رنز جوڑے جس کے بعد اعزاز خان 27رنز بنا کر عثمان شنواری کے ہاتھوں بولڈ ہوگئے جنہوں نے اسی اوور میں سکاٹ میکنزی اور تنویر افضل کو بھی پوویلین بھیج دیا ،کنچت شاہ کو26رنز پر حسن علی نے اپنا دوسرا شکار بنایا ، احسان نواز 9رنز بنا کر رن آﺅٹ ہوئے اور ہانگ کانگ کی پوری ٹیم116رنز بنا کر پوویلین لوٹ گئی ۔

(جاری ہے)

پاکستان کیلئے عثمان شنواری نے 3، حسن علی اور شاداب خان نے 2،2جبکہ فہیم اشرف نے ایک وکٹ لی۔پاکستان کی جانب سے فخر زمان اور امام الحق نے اننگز کا آغاز کیا اور پہلی وکٹ کیلئے 41رنز جوڑے جس کے بعد فخر زمان 24رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے ، بابر اعظم اور امام الحق نے دوسری وکٹ کیلئے 53رنز جوڑے جس کے بعد بابر اعظم32رنز بنا کر پوویلین لوٹ گئے ،امام الحق نے اپنے ون ڈے کیریئر کی پہلی نصف سنچری مکمل کی اور شعیب ملک کے ساتھ ملکر پاکستان کو جیت دلائی،امام50اور شعیب ملک9رنز کے ساتھ ناٹ آﺅٹ رہے، ہانگ کانگ کیلئے احسان خان نے دونوں وکٹیں لیں۔

اس سے قبل ٹاس ہارنے کے بعد گرین شرٹس کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ اگر ٹاس جیت جاتے تو پہلے بیٹنگ ہی کرتے تاہم مخالف ٹیم کو جلد آوٹ کرنے کی کوشش کریں گے، فائنل تک پہنچنے کےلئے 6 میں سے 5 میچز لازمی جیتنا ہوں گے، ٹورنامنٹ بہت اہم ہے کچھ نہیں کہہ سکتے کون جیتے گا تاہم ایشیا کپ جیتنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔قومی ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ ہانگ کانگ کی ٹیم نے ایونٹ کےلئے کوالیفائی کیا، یہ ان کےلئے بڑا ایونٹ ہے، آج 4 فاسٹ باﺅلرز اور ایک سپنر کےساتھ کھیلیں گے۔

ہانگ کانگ کےخلاف قومی ٹیم فخر زمان، امام الحق، بابراعظم، شعیب ملک، کپتان سرفراز احمد، آصف علی، شاداب خان، فہیم اشرف، محمد عامر، حسن علی اور عثمان خان پر مشتمل ہے۔ہانگ کانگ کی ٹیم کپتان انوشمان رتھ، بابر حیات، نزاکت خان، تنویر افضل، اعزاز خان، کرسٹوفر کارٹر، ندیم احمد، اسکوٹ مکینی، احسن خان، احسان نواز اور کنچٹ شاہ پر مشتمل ہے۔

دبئی کا موسم شدید گرم ہے اور درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا ہے تاہم پچ بیٹنگ کے لیے سازگار ہے۔ہانگ کانگ کی ٹیم تیسری مرتبہ ایشیاءکپ میں شرکت کررہی ہے، پہلی مرتبہ اس نے 2004 ءمیں سری لنکا میں کھیلے گئے ایشیا کپ میں شرکت کی اور اس کے بعد 2008 ءمیں پاکستان میں منعقدہ ٹورنامنٹ میں حصہ لیا تھا تاہم دونوں مرتبہ وہ کسی میچ میں کامیابی حاصل نہیں کرسکی۔پاکستان اور ہانگ کانگ کے درمیان اب تک 2 ون ڈے انٹرنیشنل میچز بھی کھیلے جاچکے ہیں اور دونوں ہی میچوں میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا اور ایک مرتبہ پھر آئی سی سی نے ایشیا کپ میں ہانگ کانگ کے میچوں کو بین الاقوامی میچوں کا درجہ دے رکھا ہے۔
وقت اشاعت : 16/09/2018 - 21:57:33

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :