ملک میں نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کے لئے سکولز، کالجز اور یونیورسٹی سطح پر سکواش کورٹس کی ضرورت ہے،

پشاور سکواش کا گڑھ ہے ، یہاں سے 7 نامور کھلاڑیوں نے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کیا، پاکستان سکواش فیڈریشن کے نائب صدر قمر زمان کا انٹرویو

بدھ 10 اکتوبر 2018 13:47

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اکتوبر2018ء) پاکستان سکواش فیڈریشن کے نائب صدر قمر زمان نے کہا ہے کہ ملک میں نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کے لئے سکولز، کالجز اور یونیورسٹی سطح پر سکواش کورٹس کی ضرورت ہے، پشاور سکواش کا گڑھ ہے جہاں سے 7 نامور کھلاڑیوں نے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔ بدھ کو ’’اے پی پی‘‘ کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پروفیشنل سکواش ایسوسی ایشن نے رواں سال پاکستان کو 19 بین الاقوامی ایونٹس کی منظوری دی ہے جن میں سے کئی ایونٹ اسلام آباد میںمنعقد ہوچکے ہیں اور لاہور میں پی ایس اے کا ایونٹ جاری ہے جبکہ آئندہ ماہ کراچی میں پی ایس اے کا ایونٹ کھیلا جائے گا۔

انہوں نے کہاکہ ملک میں سکواش کی بہتری کے لئے سپانسر کو کردار ادا کرنا چاہئے کیونکہ اتنے بڑے ایونٹس کے لئے سپانسرز کا ہونا بہت ضروری ہے۔

(جاری ہے)

قمر زمان نے کہاکہ پشاور سکواش کا گڑھ رہا ہے کیونکہ 7 نامورسابق کھلاڑیوں نے عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کیا ہے جن میں ہاشم خان، اعظم خان، روشن خان، محبوب اللہ سینئر، قمرزمان ، جہانگیر خان اور جان شیر خان شامل ہیں۔

پشاور میں اب تک پی ایس اے کے مقابلے بحال نہیں ہوئے۔ فیڈریشن نے پشاور میں عالمی مقابلے بحال کرانے کے لئے ورلڈ سکواش فیڈریشن کو تحریری طورپر مراسلہ بھجوایا ہے۔ امید ہے کہ پشاور میں دیگر شہروں کی طرح بین الاقوامی مقابلے بحال ہو جائیں گے۔ نائب صدر نے کہا کہ پاکستان میں نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کے لئے سکولز، کالجز، یونیورسٹیز اور علاقائی سطح پر سکواش کورٹ کی ضرورت ہے۔

پاکستان میں حال ہی میں ایسے کھلاڑی موجود نہیں جو سابق کھلاڑیوں کی کمی کو پورا کرسکیں لیکن امید رکھتے ہیں کہ آئند تین سالوں میں ایسے کھلاڑی سامنے آئیں گے جو سابق نامور کھلاڑیوں کی جگہ لے سکیں گے۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان خود ایک سپورٹس مین رہے ہیں ان سے کھیلوں کے حوالے سے اچھی توقعات وابستہ ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سکواش ایک فل ٹائم گیم ہے۔

اس میں کھلاڑیوں کو سخت محنت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں سکواش کے فروغ کے لئے نچلی سطح پر جال بچھانا ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان سکواش فیڈریشن اور ایئر فورس کی جانب سے ملک میں سکواش کی بہتری کے لئے کوششیں جاری ہیں۔ فیڈریشن نے نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کے لئے سابق کھلاڑیوں جہانگیر خان ، جان شیر خان اور قمر زمان کی خدمات حاصل کی گئی ہیں جو اکیڈمیاں بنا کر نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کی بھر پور کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے ملک میں سپانسرز سے اپیل کی کہ وہ پاکستان میں سکواش کے فروغ کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔
وقت اشاعت : 10/10/2018 - 13:47:22

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :