واپڈا نے 26ویں قومی کراٹے چیمپئن شپ جیت لی، مہمان خصوصی قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری نے فاتح کھلاڑیوں میں میڈلز، شیلڈز اور ٹرافیاں تقسیم کیں

اتوار 14 اکتوبر 2018 20:50

راولپنڈی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اکتوبر2018ء) واپڈا نے 26ویں قومی کراٹے چیمپئن شپ جیت لی، واپڈا نے 6 سونے اور ایک چاندی کا تمغہ جیت کر 170 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی، پاکستان آرمی کی دوسری اور پاکستان ریلوے کی تیسری پوزیشن رہی، قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی تھے جنہوں نے فاتح کھلاڑیوں میں میڈلز، شیلڈز اور ٹرافیاں تقسیم کیں۔

اتوار کو پاکستان کراٹے فیڈریشن (پی کے ایف) کی طرف سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق 26ویں قومی کراٹے چیمپئن شپ ایوب نیشنل اسٹیڈیم، پی ایس بی کوچنگ سینٹر کوئٹہ میں منعقد ہوئی جس میں فیڈریشن سے الحاق شدہ تمام یونٹس جن میں واپڈا، آرمی، پولیس، ریلویز، پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبرپختونخوا اور اسلام آباد کی ٹیموں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

چیمپئن شپ میں واپڈا کے کھلاڑی چھائے رہے اور انہوں نے مختلف کیٹگریز میں 6 سونے اور ایک چاندی کا تمغہ جیت کر مجموعی طور پر 170 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی، آرمی نے دو سونے، دو چاندی اور تین کانسی کے تمغوں کے ساتھ 95 پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کی جبکہ پاکستان ریلویز کی ٹیم دو چاندی اور ایک کانسی کا تمغہ جیت کر تیسرے نمبر پر رہی۔

آصف علی چیمپئن شپ کے بہترین ایمرجنگ کھلاڑی قرار پائے، قراتہ العین بہترین ٹیکنیکل آفیشل کی ٹرافی وصول کی۔
وقت اشاعت : 14/10/2018 - 20:50:04

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :