ابو ظہبی ٹیسٹ ،سرفراز احمد نے منفرد ریکارڈ اپنے نام کرلیا
بطور وکٹ کیپر کپتان ایک ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں نصف سنچریاں سکور کرنےوالے پہلے پاکستانی کھلاڑی بن گئے
ذیشان مہتاب جمعرات 18 اکتوبر 2018 19:43
ابوظہبی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 اکتوبر2018ء) قومی ٹیم کے کپتان اور وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد بطور وکٹ کیپر کپتان ایک ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں نصف سنچریاں سکور کرنے والے پہلے پاکستانی کھلاڑی بن گئے ۔ 31سالہ سرفراز احمد نے ابوظہبی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 94رنز کی شاندار اننگز کھیلنے کے بعد دوسری اننگز میں بھی 81رنز کی عمدہ باری کھیل کر یہ کارنامہ سر انجام دیا ۔ سابق بھارتی کپتان مہندرا سنگھ دھونی یہ کارنا مہ 4مرتبہ سر انجام دے چکے ہیں جب کہ سابق زمبابوین وکٹ کیپر کپتان ٹٹنڈا ٹیبو نے 2مرتبہ یہ اعزاز اپنے نام کیا ،سابق زمبابوین کپتان گرانٹ فلاور اور بنگلہ دیش کے مشفیق الرحیم بھی ایک ،ایک مرتبہ یہ کارنامہ سر انجام دے چکے ہیں ۔یاد رہے کہ ابوظہبی ٹیسٹ کے تیسرے روز پاکستان نے 9وکٹوں کے نقصان پر 400رنز سکور کرکے اننگز ڈکلیئر کرکے کینگروز کو جیت کے لیے 538رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں آسٹریلیا نے کھیل کے اختتام تک 1وکٹ کھو کر 47رنز بنا لیے ہیں ۔
ابوظہبی کے شیخ زید سٹیڈیم میں کھیلے جارہے دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے پہلی اننگز میں 282 رنز بنائے جس کے جواب میں آسٹریلیا کی پوری ٹیم 145 رنز پر آﺅٹ ہوگئی ،کھیل کے تیسرے روز پاکستان نے نامکمل اننگز کا آغاز کیا تو حارث سہیل 17 اور اظہر علی 54 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے تاہم نیتھن لیون نے حارث سہیل کو اپنے سکور میں اضافہ کیے بغیر پویلین واپس بھیج دیا۔ 53ویں اوور میں پیٹر سڈل کی ایک گیند اظہر علی کے بلے کا کنارہ لے کر تھر ڈ مین باﺅنڈری کی جانب گئی اور باﺅنڈری کے بالکل قریب جاکر رک گئی ،اظہر علی اور اسد شفیق کے خیال میں گیند باﺅنڈری پار کرگئی تھی اور جب مچل سٹارک نے بال واپس وکٹ کیپر ٹم پین کی جانب پھینکی تو دونوں بلے باز وکٹ کے درمیان میں بت بنے کھڑے تھے اور ٹم پین نے وکٹ گرا کر اظہر علی کو64رنز پر پوویلین واپس بھیج دیا ۔کھانے کے وقفے کے بعد اسد شفیق44رنز بنا کر آﺅٹ ہوگئے ،کپتان سرفراز احمد نے بابر اعظم کے ساتھ ملکر چائے کے وقفے پر ٹیم کا سکور 350رنز تک پہنچا دیا ،بابر اعظم وقفے کے بعد99رنز پر ایل بی ڈبلیو آﺅٹ ہوگئے ،بلال آصف15اور یاسر شاہ4رنز بنا کر پوویلین لوٹے جبکہ کپتان سرفراز احمد81رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے جس کے بعد پاکستان نے اپنی اننگز ڈکلیئر کردی ۔آسٹریلیا کے لیے ایرون فنچ اور شان مارش نے اننگز کا آغاز کیا ،شان مارش 4رنز بنا کر میر حمزہ کی پہلی ٹیسٹ وکٹ بنے ، فنچ اور ٹریوس ہیڈ نے دن کے اختتام پر ٹیم کا سکور47رنز تک پہنچایا،کینگروز کو جیت کے لیے مزید491رنز درکار ہیں اور میچ ڈرا کرنے کے لیے اسے مزید180اوور ز بلے بازی کرنا ہوگی۔ اس سے قبل کھیل کے دوسرے روز آسٹریلیا کی بیٹنگ لائن مکمل طور پر ناکام ثابت ہوئی، ایرون فنچ 39 اور مچل سٹارک 34 کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکا اور پوری ٹیم 145 رنز پر آﺅٹ ہوگئی۔ قومی ٹیم کی جانب سے محمد عباس نے 5، بلال آصف نے 3 اور یاسر شاہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔ دن کے اختتام تک پاکستان بھی دوسری اننگز میں اپنی دو وکٹیں گنواچکا تھا، فخرزمان نے ایک بار پھر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 66 رنز کی اننگز کھیلی۔کھیل کے پہلے روز نیتھن لیون نے شاندار باﺅلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کی آدھی ٹیم کو صرف 57 رنز پر پویلین بھیج دیا تھا تاہم کپتان سرفراز احمد اور فخرزمان نے ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظا ہرہ کرتے ہوئے 94،94 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کا سکور مستحکم کیا۔ آسٹریلیا کی جانب سے نیتھن لیون نے 4، لیبسچگنی نے 3 ، مچل مارش اور مچل سٹاک نے 1،1وکٹ حاصل کی۔
(جاری ہے)
وقت اشاعت : 18/10/2018 - 19:43:08
مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے :
New Zealand tour of Pakistan
ICC Men's T20 World Cup 2024
Browse Cricket
Browse Sports
Sports News In Urdu
-
انٹرنیشنل کراٹے چمپئن شاہ زیب رند کی ڈپٹی سپیکر بلوچستان اسمبلی سے ملاقات
-
پہلا ویمنز ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل، ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو ایک رن سے ہرادیا
-
ہلال احمرپاکستان کی خدمات اور جذبہ خیر سگالی قابل ستائش ہے،مراکشی سفیر
-
وزیراعلیٰ پنجاب پنک گیمز کے کامیاب انعقاد کیلئی9 انتظامی کمیٹیاں تشکیل
-
ڈی جی سپورٹس پرویز اقبال کی زیر صدارت پہلی وزیراعلیٰ پنجاب پنک گیمز 2024کے حوالے سے اہم اجلاس
-
آئی پی ایل، پنجاب کنگز کی کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے خلاف تاریخی فتح، 262 رنز کا بڑا ہدف 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا