رنگنا ہیراتھ انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہو جائیں گے

پیر 22 اکتوبر 2018 16:38

کولمبو۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اکتوبر2018ء) مایہ ناز سری لنکن سپنر رنگنا ہیراتھ نے انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔ 6 نومبر کو انگلش ٹیم کے خلاف گال ٹیسٹ ان کے کیریئر کا آخری میچ ہو گا۔ ہیراتھ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کے کامیاب ترین لیفٹ آرم بائولر ہیں اور انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں 430 وکٹیں لے رکھی ہیں۔

(جاری ہے)

انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں ان کے پاس رچرڈ ہیڈلی، سٹورٹ براڈ اور کیپل دیو کی زیادہ وکٹوں کا ریکارڈ توڑنے کا موقع ہو گا، اس کے ساتھ ساتھ انہیں گال کے مقام پر ٹیسٹ وکٹوں کی سنچری مکمل کرنے کیلئے ایک وکٹ درکار ہے، اس سے قبل متھایا مرلی دھرن بھی گال سٹیڈیم میں 100 ٹیسٹ وکٹیں لے چکے ہیں۔ ہیراتھ نے اپنے بیان میں کہا کہ انگلینڈ کے خلاف پہلا ٹیسٹ ان کے کیریئر کا آخری میچ ہو گا۔ انہوںنے کہا کہ وہ سلیکٹرز کو بھی اس حوالے سے آگاہ کر چکے ہیں کہ وہ انگلینڈ کے خلاف پوری ٹیسٹ سیریز نہیں کھیلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر ملک کی نمائندگی میرے لئے باعث فخر بات ہے، کوشش ہو گی کہ ٹیم کو فتح دلا کر آخری میچ کو یادگار بنائوں۔
وقت اشاعت : 22/10/2018 - 16:38:15

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :