تیسرا ٹی ٹونٹی، پاکستان نے آسٹریلیا کو جیت کیلئے ہدف دیدیا

سرفراز الیون پہلے ہی ٹی ٹونٹی سیریز اپنے نام کر چکی ہے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 28 اکتوبر 2018 22:19

تیسرا ٹی ٹونٹی، پاکستان نے آسٹریلیا کو جیت کیلئے ہدف دیدیا
دبئی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28اکتوبر2018ء) پاکستان نے آسٹریلیا کو تیسرے ٹی ٹونٹی میں جیت کے لیے 151رنز کا ہدف دے دیا ہے ۔دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم پر کھیلے جارہے میچ میں پاکستان کپتان سرفراز احمد ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا ،سیریز کے تینوں میچز میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کی اور ابتدائی دو میچز میں فتح اپنے نام کی۔فخرزمان کی جگہ ٹیم میں شامل ہونے والے صاحبزادہ فرحان نے بابراعظم کے ساتھ اننگز اوپن کی اور دونوں کھلاڑیوں نے پاکستان کو بہترین اوپننگ فراہم کیا ، صاحبزادہ فرحان 39رنز بنا کر 93کے مجموعی سکور پر نیتھن لیون کا شکار بنے ، بابر اعظم اپنی 7ویں نصف سنچری مکمل کرتے ہی اینڈریو ٹائی کے گیند پر بولڈ ہوگئے ۔

شعیب ملک18رنز بنا کر ایڈم زامپا کی گیند پر کیچ آﺅٹ ہوئے ،آصف علی4اور فہیم اشرف بغیر کوئی رن بنائے مچل مارش کا شکار بنے ،حفیظ اور عماد نے پاکستان کا سکور150رنز تک پہنچایا ،حفیظ32اور عماد 3رنز کیساتھ ناٹ آﺅٹ رہے ۔

(جاری ہے)

گرین شرٹس نے آج کے میچ کے لئے ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی ہیں،فخرزمان کی جگہ صاحبزادہ فرحان اور شاہین آفریدی کے بدلے عثمان شنواری کوحتمی ٹیم میں شامل کیا ہے۔

سرفراز الیون نے آسٹریلیا کے خلاف پہلا ٹی 20 میچ 66 رنز اور دوسرا مقابلہ 11 رنز سے جیتا تھا۔دوسری جانب آسٹریلیا کو یو اے ای کے ٹور کے اختتام پر بحالی وقار کا چیلنج درپیش ہے، ٹیسٹ سیریز میں 1-0 سے شکست کے بعد وہ مختصر ترین فارمیٹ کی سیریز بھی ہارچکے ہیں تاہم وطن واپسی سے قبل وہ آخری میچ میں کامیابی کے خواہاں ہیں، اس کی جانب سے الیون میں تبدیلی کا امکان نہ ہونے کے برابر ہے۔

انجری سے نجات پانےوالے مچل سٹارک کو فوری طور پر میدان میں اتار کر خطرہ مول نہیں لیا جائے گا، اگر کسی تبدیلی کی ضرورت محسوس بھی کی گئی تو ایشٹن ایگر کو میدان میں اتارا جاسکتا ہے، اس صورت میں بین میک ڈرمٹ کو جگہ خالی کرنا پڑے گی۔کنڈیشنز جمعے کے میچ جیسی ہی ہیں۔ اب تک ایڈم زامپا 6.05 کا اکانومی ریٹ مختصر ترین فارمیٹ میں کسی بھی دوسرے آسٹریلوی باﺅلر سے کہیں بہتر ہے۔
وقت اشاعت : 28/10/2018 - 22:19:01

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :