انٹر نیشنل امیچور باکسنگ ایسو سی ایشن کے انتخابات نومبر میں ماسکو میں ہونگے

منشیات سمگلنگ اور منی لانڈرنگ کے ملزم غفور رخیموف بھی صدارتی ریس میں شامل

جمعرات 1 نومبر 2018 23:42

انٹر نیشنل امیچور باکسنگ ایسو سی ایشن کے انتخابات نومبر میں ماسکو میں ہونگے
ماسکو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 نومبر2018ء) امیچور انٹر نیشنل باکسنگ ایسو سی ایشن کی کانگریس نومبر میں ماسکو میں ہونے جا رہی ہے جہاں صدارتی انتخابات کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔کہا یہ جا رہاہے کہ گزشتہ سال ایسو سی ایشن میں ہونے والی بے ضابطگیوں کے اثرات بھی انتخابات پر اثر انداز ہونگے۔ ذرائع کے مطابق موجودہ آئبا کے صدر غفور رخیموف بھی آئندہ صدارتی امید وار ہیں جبکہ ان پر اولمپکس انٹر نیشنل کمیٹی کے تحفظات ہیں۔

مزید تفصیلات کے مطابق تین ماہ پہلے ایسو سی ایشن کے قائم مقام صدر اور نائب صدر فرانکو فالسی نیلی رضا کارانہ طور پر مستعفی ہو گئے تھے اور ان کی جگہ ازبکستان کے غفور رخیموف نے لی تھی اور آئندہ ماسکو میں ہونے والے انتخابات میں بھی ان کی فتح کے بے انتہا چانسز موجود ہیں۔

(جاری ہے)

اسی دوران 2018میں میڈیا میں دلچسپ خبریں گردش کرتی رہیں ہیں جس میں نائب صدر فرانکو فالسی نیلی کے مستعفی ہونے کی وجوہات زیر بحث ہیں۔

جیسا کہ فرانکو فالسی نیلی نے ایسے حالات میں استعفیٰ کیوں دیاجب وہ صدارت کے لئے شارٹ لسٹ تھے اور 17میں سے 15امیدواروں کا جھکاؤ بھی ان کی جانب تھا ،ایسے مضبوط امید وار کا الیکشن سے علیحدگی اختیار کرنا اور قائم مقام صدارت کے عہدے سے مستعفی ہو جانا سمجھ سے بالاتر ہے۔ ان تمام معاملات کی کڑیاں غفور رخیموف جو کہ صدارت کے امید وار ہیں کے ساتھ ملتی دکھائی دیتی ہیں لیکن وہ بھی انٹر نیشنل اولمپکس کمیٹی کی جانب سے تنقید کی زد میں آنے والے ہیں اور ان کی صدارتی مہم پر بھی پابندی عائد ہونے والی ہے۔

انٹر نیشنل اولمپکس کمیٹی کے مطابق غفور رخیموف کا تعلق جرائم پیشہ افراد اور بڑے جرائم پیشہ گروہوں سے ہے جن کا سرکل ان ممالک میں ہے جو پہلے رشین ممالک ہوتے تھے۔ سڈنی اولپمک 2000میں بھی غفور رخیموف پر اسی لئے پابندی عائد کر دی گئی تھی کہ ان کا تعلق ایک منظم جرائم پیشہ گروہ سے ہے اور ان کے مضبوط روابط منشیات کی سمگلنگ کرنے والے گروہوں سے ہیں اور منی لانڈرنگ میں بھی ملوث ہیں۔

اسی طرح غفور رخیموف منشیات کی سمگلنگ کے کیسز میں بھی یونائیٹڈ اسٹیٹ انوسٹی گیشن بیورو کی ہٹ لسٹ پر ہے۔ایسی ہی معلومات یو ایس ٹرڑری ڈیپارٹمنٹ کی ویب سائٹ پر بھی دکھائی گئیں جو کہ غفور رخیموف کی منظم جرائم پیشہ گروہوں کے ساتھ تعلقات کی عکاسی کرتی ہیں۔ 2013میں غفور رخیموف کو منی لانڈرنگ میں ملوث ہونے کی بناپر ازبکستان کے وانٹڈ لسٹ میں شامل کیا گیا جبکہ انٹر پول کی جانب سے بھی ان کا نام وانٹڈ لسٹ میں شامل ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ غفور رخیموف اسی دوران ان تمام الزامات کے باوجود اولمپک کمیٹیز اور باکسنگ فیڈریشن کے اہم عہدوں پر بھی تعینات رہے۔1999سے وہ سینٹرل ایشین زون اولمپک گیمز کے بھی چیئرمین ہیں، 2006سے وہ انٹر نیشنل باکسنگ فیدریشن کے ایگزیکٹو نائب صدر اور ایشین باکسنگ فیڈریشن کے صدر ہیں۔ 2010میں غفور رخیموف AIBAکانگریس کے دوران 95آئباممبرز کے ووٹوں سے ایشین باکسنگ کانفیڈریشن کے صدر بھی منتخب کئے گئے۔

فی الحال غفور رخیموف کا نام سینکشن لسٹ میں شامل ہے اور وہ ڈالرز کی صورت میں کسی قسم کی مالی ٹرانزیکشن بھی نہیں کر سکتے۔ماہرین کھیل کے مطابق امیچور باکسنگ فیڈریشن کی صدار ت کی پوسٹ انتہائی اہمیت کی حامل ہے جبکہ آئبا سٹیچو کے پیرا گراف 35.2کے مطابق صدارت کے لئے کوئی بھی کریمنل ریکارڈ والا شخص شارٹ لسٹ نہیں ہو سکتا۔ یاد رہے کہ انٹر نیشنل اولپمک کمیٹی کی جانب سے بھی وضاحت دے دی گئی ہے کہ غفور رخیموف کی الیکشن میں شرکت قطعی قبول نہیں کی جائے گی۔

اسی طرح اولمپک انٹر نیشنل کمیٹی نے باکسنگ کو اولمپک گیمز ٹو کیو 2020سے نکالنے کا بھی عندیہ دے دیاہے اور یہ بھی کہ اگر آئندہ الیکشن میں غفور رخیموف کو صدر منتخب کیاگیاتو ایسو سی ایشن کی تمام تر سر گرمیوں پر بھی پابندی عائد کر دی جائے گی جبکہ امیچور باکسنگ کوو المپک سپورٹس سے بھی نکال دیاجائے گا۔دیکھا جائے تو باکسنگ ایک منفرد گیم ہے اور اولپمپک کی بھی سب سے منفرد گیم ہے جو انتہائی مقبولت کی حامل ہے اور اس کے شائقین بھی دنیا بھر میں موجود ہیں۔ اگر اولپمک کمیٹی کی جناب سے ایسی کوئی پابندی عائد کی گئی تو شائقین ایک دلچسپ اور منفرد گیم سے محروم ہو جائیں گے۔
وقت اشاعت : 01/11/2018 - 23:42:19

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :